• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بہاولپور یونیورسٹی اسکینڈل: سینیٹ کمیٹی کی جوڈیشل کمیشن بنانے کی سفارش

شائع August 3, 2023
— تصویر: فیس بک
— تصویر: فیس بک

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اسکینڈل کیس پر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی سفارش کردی۔

بہاولپور کی اسلامیہ یونیورسٹی اسکینڈل کیس پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اہم اجلاس چیئرمین سینیٹر عرفان صدیق کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کمیٹی نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی سفارش کردی۔

قائمہ کمیٹی نے تجویز دی کہ چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن قائم کرکے ملوث افراد کا تدارک کریں جبکہ کمیٹی نے سابق وائس چانسلر بہاولپور یونیورسٹی کا نام ’نو فلائی لسٹ‘ میں ڈالنے کی سفارش کردی۔

دوران اجلاس وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نوید اختر نے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بہاولپور یونیورسٹی کے 21 گریڈ کے پروفیسر، چیف سیکیورٹی افسر اور ٹرانسپورٹ کلینر کے منشیات کی فراہمی میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

وائس چانسلر نے کہا کہ میں نے 26 جولائی 2023 کو بطور وائس چانسلر چارج سنبھالا ہے لیکن بہت سی ویڈیوز اور چیزیں آپ نے دیکھی ہوں گی۔

انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ آئس، وڈیوز اسکینڈل اور کچھ کرپشن کی باتیں ہوئیں جس کے بعد یونیورسٹی نے تفتیشی کمیٹی بنائی اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اپنی کمیٹی تشکیل دی، جبکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھی ایک کمیٹی بنائی گئی جس نے تحقیقات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کی جانب سے بنائی گئی کمیٹی اپنا کام کرکے چلی گئی ہے، تفتیشی کمیٹی میں ڈی آئی جی، انٹی لجنس کے کچھ لوگ شامل تھے لیکن اس کمیٹی نے ہم سے رپورٹ شیئر نہیں کی۔

وائس چانسلر نے کہا کہ آئس کا کیس ہمارے سامنے نہیں آیا، تین لوگ گرفتار ہوئے ہیں جو جیل میں ہیں اور تینوں افراد کا تعلق یونیورسٹی سے ہے اور پروفیسر 21 گریڈ کا ہے جن کو خزانچی کا چارج دیا گیا تھا اور وہ آئس کی فراہمی میں ملوث تھا جبکہ ٹرانسپورٹ کلینر بھی آئس فراہم کرنے میں ملوث ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ چیف سیکیورٹی افسر ریٹائرڈ میجر ہیں جن سے آئس برآمد ہوئی ہے اور انہیں بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

وائس چانسلر نے قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ یونیورسٹی میں 65 ہزار طلبہ ہیں جہاں 7 ہزار 800 طلبہ اور طالبات ہاسٹل میں رہتے ہیں، جن میں 5 ہزار کے قریب لڑکیاں ہاسٹل میں رہتی ہیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ چیف سیکیورٹی افسر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ لڑکے لڑکیاں اگر ساتھ بیٹھے ہوں اور نازیبا حرکات کر رہے ہوں تو آپ ان کی ویڈیوز بنائیں جس کے بعد چیف سیکیورٹی افسر کے کہنے پر سیکیورٹی کے کچھ لوگ وڈیوز بناکر بھیجتے تھے، جبکہ یونیورسٹی میں کیمرے ہیں لیکن کنٹرول روم نہیں بنایا ہوا۔

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ وڈیوز کی تعداد ہزاروں میں نہیں لیکن وڈیوز ہیں اور ان واقعات کی وجہ سے میں رات کو سوتے سوتے اٹھ جاتا ہوں اور میں رات کو سو نہیں سکتا، اس عمل کو روکنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وائس چانسلر کا نام نو فلائی لسٹ میں رکھنے کا کہا گیا ہے، وہ بیرون ملک جا رہے تھے لیکن انہیں روکا گیا اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو کہا گیا ہے کہ ان کا نام نو فلائی لسٹ پر ڈالیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ وہاں 185 نجی ہاسٹلز ہیں، ہراسمنٹ کمیٹیاں بنی ہیں لیکن چن کے ان لوگوں کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے جو مختلف جگہوں سے ہراسانی کے الزام میں نکالے گئے ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے دریافت کیا کہ وڈیوز اسکینڈل کے بعد لڑکیوں نے یونیورسٹی چھوڑ دی ہے؟

وائس چانسلر نے بتایا کہ بالکل، لڑکیوں نے یونیورسٹی چھوڑ دی ہے لیکن تعداد نہیں ہے کیونکہ چھٹیاں چل رہی ہیں، چھٹیاں ختم ہونے کے بعد معلوم ہوگا کہ کتنی لڑکیوں نے یونیورسٹی چھوڑ دی ہے۔

عرفان صدیقی نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب کے چیئرمین اور ڈی پی او کو بلایا تھا وہ دونوں نہیں آئے ان سے پوچھیں کیوں نہیں آئے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024