• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ایرانی وزیر خارجہ کا تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی عرب کا پہلا دورہ

شائع August 17, 2023
ایران کے وزیرخارجہ طویل عرصے سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں۔فوٹو:رائٹرز
ایران کے وزیرخارجہ طویل عرصے سعودی عرب کا دورہ کررہے ہیں۔فوٹو:رائٹرز

ایران کے وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان رواں سال مارچ میں تعلقات کی بحالی کے بعد اپنے پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں نے معاشی اور سیکیورٹی تعاون پر زور دیا۔

خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی حکام نے بتایا کہ وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان پہلے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں۔

حسین امیر عبداللہیان نے اپنے سعودی ہم منصب فیصل بن فرحان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں معاشی اور سیکیورٹی تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور ایران درست سمت میں پیش رفت کر رہے ہیں۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات سعودی عرب کی وزارت خارجہ کے اسلامی یک جہتی ہال میں ہوئی، جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات دونوں ملکوں کے سربراہوں کی ملاقات کا پیش خیمہ ہوگی تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ صدر ابراہیم رئیسی کب شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہ ملاقاتیں اور تعاون اسلامی دنیا کے اتحاد میں مدد دے گا۔

چین کی ثالثی میں طویل عرصے تک کشیدگی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات بحال ہوگئے تھے اور اپنے سفارت خانے دوبارہ کھول دیے تھے۔

ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں کشیدگی 2016 میں اس وقت شدت اختیار کرگئی تھی جب تہران میں سعودی سفارت خانے پر مشتعل افراد نے دھاوا بول دیا تھا، جس سے قبل ریاض کی جانب سے معروف عالم دین نمر النمر کا سرقلم کردیا گیا تھا۔

اس سے قبل ایران کی سرکاری خبرایجنسی ارنا نے رپورٹ میں بتایا کہ وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان ایک روزہ سرکاری دورے پر ریاض کے ایئرپورٹ پہنچ گئے جہاں سعودی عرب کے بائبل وزیرخارجہ نے ان کا استقبال کیا۔

رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

سرکاری خبرایجنسی نے رپورٹ میں بتایا تھا کہ حسین امیر عبداللہیان دورے میں اپنے سعودی ہم منصب اور دیگر اہم عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔

حسین امیر عبدااللہیان کے ہمراہ وفد میں سعودی عرب میں تعینات نئی ایرانی سفری اور دیگر بھی شریک ہیں۔

ایران نے رواں برس مئی میں علی رضا عنایتی کو سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا تھا، جو اس سے قبل کویت میں سفیر کی خدمات انجام دے رہے تھے۔

تعلقات میں بہتری

اس سے قبل جون میں سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان ایران کا دورہ کیا تھا اور وہ 2006 کے بعد ایران کا دورہ کرنے والے پہلے سعودی وزیر خارجہ بن گئے تھے، اس سے چند روز قبل ایران نے ریاض میں اپنا سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا تھا۔

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے نے گزشتہ روز کہا تھا کہ دونوں ممالک کے فوجی حکام کے درمیان ماسکو میں منعقدہ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر غیررسمی ملاقات ہوئی تھی۔

حسین امیر عبداللہیان نے رواں ہفتے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ریاض کے لیے نئے سفیر سعودی دورے میں ان کے ہمراہ ہوں گے اور وہ باقاعدہ طور پر اپنے سفارتی مشن کا آغاز کریں گے۔

ایران نے 9 اگست کو بتایا تھا کہ تہران میں سعودی سفارت خانے کی سرگرمیاں بحال ہوچکی ہیں لیکن ریاض کی جانب سے تاحال اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

خیال رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازعات میں سعودی عرب اور ایران ایک دوسرے کے سخت مخالف رہے ہیں اور ایران متنازع گیس فیلڈ کے حوالے سے سعودی عرب اور کویت کے خلاف مؤقف رکھتا تھا۔

سعودی عرب اور کویت مذکورہ گیس فیلڈ کی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں، جس سے ایران میں عرش جبکہ کویت اور سعودی عرب میں دورا کہا جاتا ہے تاہم ایران کی جانب خبردار کیا جا رہا ہے کہ اگر مذاکرات ناکام ہوئے تو وہ اپنا قبضہ جما لے گا۔

ایران نے حالیہ مہینوں میں سفارتی سرگرمیوں میں تیزی لاتے ہوئے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید بہتری لائی ہے تاکہ عالمی سطح پر پائی جانے والی سرد مہری اور اپنی معیشت میں بہتری لائی جائے۔

سعودی عرب نے بھی مارچ میں ایران کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے بعد اس کے اتحادی شام سے بھی تعلقات استوار کیے ہیں اور یمن میں امن کے لیے کوششیں تیز کردی ہیں جہاں برسوں سے ان کا ایرانی اتحادیوں کھ خلاف فوجی کارروائیاں جاری تھیں۔

ایران کو 2018 میں امریکا کی عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد معاشی پابندیوں کا سامنا ہے، جو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024