ایشیا کپ: سری لنکا نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں سری لنکا نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی اور ایونٹ کا آغاز شان دار فتح سے کیا۔
سری لنکا کے شہر پالیکلے میں کھیلے گئے ایشیا کپ کے دوسرے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کے خلاف پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بنگلہ دیش کے اوپنر تنزیدالحسن دوسرے اوور میں صرف 4 رنز کے اسکور پر کھاتہ کھولے بغیر تھیکشانا کی وکٹ بنے۔
محمد نعیم آؤٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے جو 16 رنز بنا سکے اور انہیں ڈی سلوا نے 25 کے اسکور پر پویلین بھیج دیا۔
نجم الحسن شانٹو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی لیکن دوسرے اینڈ سے تجربہ کار آل راؤنڈر اور کپتان شکیب الحسن 36 کے اسکور پر انفرادی طور پر 5 رنز بنا کر پاریتھیرانا کو وکٹ سے گئے۔
توحید ہریدرائے نے 20 رنز بنا کر 95 کے مجموعے تک نجم الحسن کا ساتھ دے سکے۔
مشفق الرحیم بھی جلدی میں نظر آئے اور 13 رنز کی اننگز کھیل کر پاتھیرانا کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
نجم الحسن شانٹو نے اس دوران اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
مہدی حسن میراز نے 5 رنز بنائے اور بنگلہ دیش کا اسکور 37 ویں اوور میں 141 رنز پر پہنچا تھا کہ ڈی سلوا اور راجیتھا کے گٹھ جوڑ نے مہدی حسن کو رن آؤٹ کردیا۔
جس کے بعد ماہیدی حسن 6 رنز کا اضافہ کرکے ویلالیگ کی وکٹ بنے اور بنگلہ دیش کی ساتویں وکٹ 162 پر گر گئی۔
نجم الحسن نے بنگلہ دیش کو مشکل سے نکالنے کی بھرپور کوشش کی لیکن 162 کے اسکور پر ہی تھیکشانا نے ان کی وکٹیں اڑا دیں۔
تسکین احمد اور مستفیض الرحمٰن صفر پر آؤٹ ہوئے تو بنگلہ دیش کی ٹیم 43 ویں اوور میں صرف 164 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
بنگلہ دیش کی ٹیم کو 164 رنز پر ٹھکانے لگانے کے لیے سری لنکا کی جانب سے متھیشا پاتھیرانا نے سب سے زیادہ 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کردیا۔
مہیش تھیکشانا نے دو، دھنانجیا ڈی سلوا، دونیتھ ویلالیگ اور داسن شناکا نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اننگز کا آغاز بھی کچھ اچھا نہ تھا اور 15 رنز پر دمتھ کرونارتے کے ساتھ پتھم نسانکا بھی پویلین لوٹ چکے تھے۔
کوشل مینڈس نے سدیرا سمارا وکراما کے ساتھ مل کر اسکور کو 43 تک پہنچایا ہی تھا کہ شکیب الحسن نے اپنی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے سری لنکا کو تیسرا نقصان پہنچایا۔
43 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد سماراوکراما کا ساتھ دینے اسالانکا آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور 121 رنز تک پہنچایا۔
سماراوکراما نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 54 رنز کی اننگز کھیل کر مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی جانب سے آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز دھنانجیا دی سلوا تھے، جو 2 رنز بنا کر 128 کے اسکور پویلین لوٹ گئے۔
اسالانکا نے ناقابل شکست 62 رنز بنائے اور کپتان داسن شناکا کے ساتھ مل کر 39 اوورز میں 5 وکٹوں پر اسکور 165 رنز تک پہنچایا اور ٹیم کو کامیابی دلائی۔
بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان شکیب الحسن نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کے متھیشا پاتھیرانا کو 32 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں:
بنگلہ دیش: شکیب الحسن (کپتان)، محمد نعیم، تنزیدالحسن، نجم الحسن شانٹو، توحید حیدری، مہدی حسن میراز، تسکین احمد، مہدی حسن، شریف الاسلام، مستفیض الرحمٰن
سری لنکا: داسن شناکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، دمیتھ کارونارتنے، کوسل مینڈس، سدیرا سمراویراکراما، چاریتھ اسالینکا، دھنانجیا ڈی سلوا، دینتھ ویلالیگ، مہیش تھیکشانا، کاسن راجیتھا، ماتھیشا پاتھیرانا،