• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

بھارت میں جی 20 سربراہی اجلاس میں چینی صدر کی عدم شرکت پر جو بائیڈن کا اظہار ’مایوسی‘

شائع September 4, 2023
یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ جی 20 اجلاس میں چینی صدر کی اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ملاقات ہو سکتی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز
یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ جی 20 اجلاس میں چینی صدر کی اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ملاقات ہو سکتی ہے— فائل فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر جو بائیڈن نے اتوار کے روز اس بات پر مایوسی کا اظہار کیا کہ چینی صدر شی جن پنگ رواں ہفتے بھارت میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے جب کہ واشنگٹن، بیجنگ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر کرنے کا خواہاں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبر کے مطابق یہ پوچھے جانے پر کہ چینی صدر مبینہ طور پر نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے، جو بائیڈن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بغیر کسی وضاحت کے کہا کہ مجھے مایوسی ہوئی لیکن میں ان سے ملنے جا رہا ہوں۔

امریکا اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں حائل مسائل کی طویل فہرست ہے، ان مسائل میں تجارتی تنازعات سے لے کر تائیوان کے مستقبل سمیت بحیرہ جنوبی چین میں چین کی موجودگی تک جیسے معاملات شامل ہیں۔

امریکا حالیہ مہینوں میں مسلسل کشیدگی کے باوجود مزید مؤثر ورکنگ ریلیشن شپ بحال کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، اس نے اس سلسلے میں اپنے سینئر حکام کو چین کے دورے پر بھیجا۔

جمعرات کو یورپی یونین کے سینئر عہدیدار نے کہا تھا کہ شی جن پنگ جی 20 میں شرکت نہیں ہوں گے، ان کی نمائندگی وزیر اعظم لی کیانگ کریں گے۔

شی جن پنگ اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ میں برکس گروپ سربراہی اجلاس میں بالمشافہ غیر معمولی بات چیت کی، لیکن اس کے باوجود ایشیا کے 2 بڑے ملکوں کے درمیان تناؤ اور کشیدگی برقرار ہے۔

دنیا کے دو سب سے زیادہ آبادی والے ممالک کے درمیان تعلقات 2020 میں ہمالیہ کے سرحدی علاقے میں جھڑپ کے بعد سے سخت جمود کا شکار ہیں جب کہ ان جھڑپوں کے دوران 20 بھارتی فوجی اور کم از کم 4 چینی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

چینی صدر کی عدم شرکت کی خبر سامنے آنے سے قبل یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ جی 20 اجلاس میں چینی صدر کی اپنے امریکی ہم منصب جو بائیڈن سے ملاقات ہو سکتی ہے، امریکی صدر نے اجلاس میں شرکت کی تصدیق کی ہے۔

شی جن پنگ اور جو بائیڈن کی ملاقات آخری بار اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں ہوئی تھی جہاں دونوں نے انڈونیشیا میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کی تھی۔

یاد رہے کہ چین کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن بھی اعلان کر چکے ہیں کہ وہ نئی دہلی میں ہونے والے جی 20 اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے، روسی صدر کی جگہ وزیر خارجہ سرگئی لاروف اجلاس میں شرکت کریں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024