• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

وزارت بین الصوبائی رابطہ کی پی سی بی کو چیئرمین، اراکین کے فوری انتخاب کی ہدایت

شائع September 19, 2023
— فائل/فوٹو: ڈان
— فائل/فوٹو: ڈان

وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین کے چناؤ کے لیے فوری انتخابات کی ہدایت کر دی ہے جو کہ اس وقت ذکا اشرف کی نگرانی میں عبوری سیٹ اپ پر چل رہا ہے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق آئی پی سی کی جانب سے ایک خط 11 ستمبر کو پی سی بی کے الیکشن کمشنر محمود اقبال اور ایڈجوڈیکیٹر پی سی بی جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کو بھیجاگیا تھا۔

11 ستمبر کو آئی پی سی کی جانب سے پی سی بی کے الیکشن کمشنر محمود اقبال اور ایڈجوڈیکیٹر پی سی بی جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ معاملے اور 4 ستمبر 2023 کو چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی کو بورڈ آف گورنرز (بی او جی) کی تشکیل اور چیئرمین پی سی بی کے جلد از جلد انتخابات کے حوالے سے تفویض کردہ بنیادی امور کی تکمیل کی ہدایات کی یاد دہانی کرائی جائے۔

خط میں الیکشن کمشنر پی سی بی محمود اقبال اور ایڈجوڈیکیٹر پی سی بی جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کو درخواست کی گئی ہے کہ اس معاملے میں مکمل معاونت اور تعاون فراہم کیا جائے۔

ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ 4 ستمبر کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا تھا کہ انتخابات کے انعقاد کے مقصد سے 5 جولائی 2023 کو 4 ماہ کے لیے دوسری عبوری انتظامی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے چیئرمین ذکا اشرف تھے۔

خط میں لکھا گیا تھا کہ وزارت کی طرف سے بورڈ آف گورنرز کے اراکین کی نامزدگی اور چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے متعدد درخواستوں کے باوجود انتخابات کے انعقاد کے لیے انتظامی کمیٹی کی طرف سے کوئی دلچسپی نہیں لی گئی اور اقدامات نہیں کیے گئے۔

حال ہی میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے سیاسی بنیادوں پر تعینات ہونے والے تمام محکموں کے سربراہان کو ہٹانے کی ہدایت کی تھی، تاہم وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ذکا اشرف کی تعیناتی کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس سے وضاحتی سرٹیفکیٹ حاصل کیا تھا۔

وزارت کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ پی سی بی کے دیگر اہم معاملات کے پیش نظر آیا ہے، جس میں خاص طور پر حالیہ ایشیا کپ میں ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد ورلڈ کپ کے لیے اسکواڈ کو حتمی شکل دینا شامل ہیں۔

دوسری جانب ذکا اشرف نے ایشیا کپ میں سپر فور اسٹیج سے پاکستان کی واپسی کے بعد اعلان کیا تھا کہ قومی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ 5 اکتوبر کو بھارت میں شروع ہونے والے ورلڈ کپ سے پہلے لیا جائے گا۔

تاہم ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا اور یہ بھی واضح نہیں کیا گیا کہ آیا کہ ٹیم کا جائزہ کسی آزاد فورم کی ذریعے لیا جائے گا یا چیف سیلیکٹر انضمام الحق، کوچز کنسلٹنٹ مکی آرتھر یا نیشنل کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق کی نگرانی میں پی سی بی کی اپنی تھنک ٹینک کی طرف سے لیا جائے گا۔

رپورٹس میں کہا گیا کہ ایشیا کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر انضمام الحق کو تشویش تھی اور وہ تمام آپشنز بالخصوص باؤلنگ پر غور کر رہے ہیں، باؤلنگ میں زمان خان، شاہنواز دہانی، حسن علی اور ابرار احمد زیر غور ہیں۔

فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے کندھے کی انجری کا تعین ہونا ابھی باقی ہے جہاں ان کی میڈیکل رپورٹس دوسری رائے کے لیے انگلینڈ بھیج دی گئی ہیں جو منگل یا بدھ تک موصول ہو جائیں گی۔

ڈان کے مطابق باؤلر حارث رؤف اور اوپنر امام الحق سلیکشن کے لیے فٹ ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024