اپنی کرکٹ بہتر کرنی ہے تو قومی ٹیم باقی میچز نہ جیتے، کامران اکمل کی منطق
ورلڈکپ میں پاکستان کی مسلسل تین شکستوں کے بعد قومی ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، جس کے بعد سینئر کرکٹرز بابر الیون پر اپنے غم اور غصے کا اظہار کررہے ہیں، البتہ دوسری جانب سابق کرکٹر کامران اکمل نے انوکھی منطق پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان کی کرکٹ بہتر کرنی ہے تو قومی ٹیم اگلے تمام میچز نہ جیتے‘۔
اے آر وائے نیوز کی اسپورٹس ٹرانسمیشن میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کامران اکمل نے قومی ٹیم کی کارکردگی پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’ہر کوئی کہہ رہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو اگلے چار میچز لازمی جیتنے ہیں، میری دعا ہے کہ اللہ کرے قومی ٹیم کم بیک کرے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر پاکستان کی کرکٹ بہتر کرنی ہے تو اگلے کوئی میچ نہ جیتے، اگر قومی ٹیم جیت کر ٹاپ فور میں آگئی تو انہوں نے دوبارہ وہی کام شروع کردینا ہے۔‘
کامران اکمل کے اس بیان پر اینکر نے فوری طور پر سابق کرکٹر کی بات کاٹ کر کہا کہ ’یہ کیا بات ہوئی؟ پاکستان کا نام ہے، میں پاکستان کو ہارتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتا۔‘
جس پر کامران اکمل نے اپنی بات کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ ’یہ میچ ہارنے کے بارے میں نہیں ہے، بلکہ اس سے ان کی انا ختم ہوگی۔‘
کامران اکمل نے کہا کہ ’اگر قومی ٹیم کی انا ختم کرنی ہے، مینجمنٹ سے لے کر کرکٹرز تک اگر تمام لوگوں کو ٹریک پر لانا ہے تو ہمیں ایسا کرنا ہوگا۔‘
یاد رہے کہ 23 اکتوبر کو ورلڈ کپ کے اہم میچ میں افغانستان نے ایک اور بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پاکستان کو پہلی بار 8 وکٹوں سے بدترین شکست دی تھی۔
اس میچ کے بعد پاکستان کی ایونٹ کے سیمی فائنل تک رسائی پر ایک بار پھر گہرے بادل منڈلانے لگے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی کے بعد قومی ٹیم کو لگاتار تین شکستوں (سری لنکا، بھارت اور افغانستان کے خلاف شکست) کا منہ دیکھنا پڑا جس کے بعد گرین شرٹس ایونٹ میں مشکلات سے دوچار ہے۔
گرین شرٹس اب اپنا اگلا میچ کل یعنی 27 اکتوبر کو جنوبی افریقا، پھر 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش، 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ سے کھیلے گی، اگر وہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں تو اب ان کے لیے تمام میچز جیتنا ضروری ہیں۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کے بقیہ میچز
27 اکتوبر - چنئی میں پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقا
31 اکتوبر - کولکتہ میں پاکستان بمقابلہ بنگلا دیش
4 نومبر - بنگلورو میں پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ ب
11 نومبر - کولکتہ میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے لیے پاکستانی اسکواڈ
بابر اعظم، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، افتخار احمد، محمد رضوان، شاداب خان، محمد نواز، اسامہ میر، حارث رؤف، ایم وسیم جونیئر، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، سعود شکیل، سلمان علی آغا