• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے 8ویں بار ’بالون ڈی اور‘ اپنے نام کرلیا

شائع October 31, 2023
لیونل میسی سب سے زیادہ بالون ڈی اور جیتنے والے فٹبالر ہیں—فوٹو: ایکس
لیونل میسی سب سے زیادہ بالون ڈی اور جیتنے والے فٹبالر ہیں—فوٹو: ایکس

فرانس کے شہر پیرس میں منعقدہ 67ویں ’بالون ڈی اور‘ کی تقریب میں لیونل میسی نے ریکارڈ 8ویں بار دنیائے فٹبال کا سب سے بڑا انفرادی ایوارڈ بالون ڈی اور اپنے نام کیا، اس دوڑ میں ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ دوسرے جبکہ فرانسیسی کھلاڑی کیلین ایمباپے تیسرے نمبر پر رہے۔

لیونل میسی کو ارجنٹینا کی جانب سے فیفا ورلڈکپ جیتنے اور کلب سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی جانب سے 2 ٹرافیز جیتنے پر ’بالون ڈی اور‘ کے اعزاز سے نوازا گیا، جس کے ساتھ ہی وہ سب سے زیادہ 8 ’بالون ڈی اور‘ ایوارڈز اپنے نام کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں، ان کے حریف کرسٹیانو رونالڈو 5 ’بالون ڈی اور‘ ایوارڈز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

معروف سابق فٹبالر ڈیوڈ بیکہم نے لیونل میسی کو ’بالون ڈی اور‘ کی ٹرافی دی، اس موقع پر میسی نے اپنی فیملی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے اس اعزاز کو ارجنٹینا کے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کے نام کیا۔

میزبان ڈورگبا نے ’بالون ڈی اور‘ کی دوڑ میں شامل کھلاڑیوں کے حوالے سے میسی کا مؤقف دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ ’ایمباپے اور ایرلنگ دونوں کا سال انتہائی شاندار رہا اور میں آنے والے سالوں میں ان دونوں کو ’بالون ڈی اور‘ کے ساتھ دیکھ رہا ہوں‘۔

’بالون ڈی اور‘ کی تقریب میں دنیائے فٹبال میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو ایوارڈز دیے جاتے ہیں جن میں یہ اہم اعزازات شامل ہیں۔

یاشن ایوارڈ

سال کے بہترین گول کیپر کا اعزاز ارجنٹینا کے ایمی مارٹینز نے اپنے نام کیا۔ سال میں بہترین کارکردگی دکھانے والے گول کیپر کو یاشن ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔ ایمی مارٹینیز کی بہترین کارکردگی نے ارجنٹینا کو فیفا ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

کوپا ٹرافی

سال کے بہترین نوجوان کھلاڑی کا کوپا ایوارڈ انگلینڈ اور ریال میڈریڈ کے کھلاڑی جوڈ بیلنگہم کے نام رہا۔ وہ رواں سیزن ہی ریال میڈریڈ کے لیے سائن ہوئے ہیں جہاں وہ ٹیم کے لیے بہترین کھیل پیش کررہے ہیں۔ کوپا ٹرافی اس بہترین نوجوان کھلاڑی کو دی جاتی ہے جس کی عمر 21 سال سے کم ہو۔

گرڈ مولر ایوارڈ

سال کے بہترین اسٹرائیکر کا گرڈ مولر ایوارڈ مانچسٹر سٹی کے ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے نام کیا۔ گزشتہ کلب سیزن میں ایرلنگ ہالینڈ کی جانب سے اسکور کیے گئے ریکارڈ 52 گولز نے مانچسٹر سٹی کو چیمپیئنز لیگ، پریمیئر لیگ اور ایف اے کپ (ٹریبل) جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

سوکریٹس ایوارڈ

یہ ایوارڈ برازیل اور ریال میڈریڈ کے ونیشیئش جونیئر نے اپنے نام کیا۔ برازیلی فٹبالر کے نام سے منسوب سوکریٹس ایوارڈ انسانی حقوق کے حوالے سے آواز اٹھانے والے کھلاڑی کو سراہنے کے لیے دیا جاتا ہے۔

سال کے بہترین کلبز

مانچسٹر سٹی نے مسلسل دوسری بار سال کی بہترین کلب ٹیم ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔ مانچسٹر سٹی کلب سیزن 23-2022ء میں ٹریبل جیتنے کا اعزاز حاصل کرچکی ہے جبکہ بالون ڈی اور کی دوڑ میں شامل ٹاپ 10 کھلاڑیوں میں مانچسٹر سٹی کے 5 کھلاڑیوں کے نام شامل تھے۔

خواتین کی بہترین کلب فٹبال ٹیم بارسلونا رہی۔

’بالون ڈی اور‘

سال کے بہترین مرد فٹبالر کا اعزاز جہاں لیونل میسی نے حاصل کیا وہیں سال کی بہترین خاتون فٹبالر کا ’بالون ڈی اور‘ ہسپانوی کھلاڑی ایتینا بونمتی کے نام رہا۔

لیونل میسی کی طرح وہ بھی اسپین کی جانب سے کھیلتے ہوئے فیفا ورلڈ کپ جیت چکی ہیں جبکہ وہ فٹبال کلب بارسلونا سے بھی منسلک ہیں جہاں انہوں نے سال بھر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

فرانس اور ریال میڈریڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے کریم بینزیما نے گزشتہ سال بالون ڈی اور جیتا تھا جبکہ اس سال وہ بالون ڈی اور کی دوڑ میں 16ویں نمبر پر رہے۔

لیونل میسی نے فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے انفرادی ایوارڈ ’بالون ڈی اور‘ 8ویں بار اپنے نام کیا اس سے قبل کوئی بھی فٹبالر اتنی بار یہ اعزاز حاصل نہیں کرپایا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024