• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

’ پروفیسر ہیں، کچھ بھی کہہ سکتےہیں’، ویرات کو ’خودغرض‘ کہنے پر عامر کا حفیظ پر طنز

شائع November 10, 2023
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

پاکستان کے سابق کپتان محمد حفیظ کی جانب سے بھارت کے اسٹار بلے باز ویرات کوہلی کو خود غرض کھلاڑی کہنے پر سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر نے محمد حفیظ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ پروفیسر ہیں، کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔‘

5 نومبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف بھارتی بلے باز ویرات کوہلی نے اپنی 35ویں سالگرہ پر 121 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر اپنے ون ڈے کیریئر کی 49ویں سنچری اسکور کی تھی اور وہ سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑنے والے پہلے بلے باز بن گئے ہیں۔

ویرات کوہلی کی سنچری کی بدولت بھارت نے جنوبی افریقہ کو 243 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی تھی۔

ویرات کوہلی کی اننگز پر پاکستان کے سابق کرکٹر محمد حفیظ نے مقامی اسپورٹس چینل پر ویرات کوہلی کی اننگز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے ویرات کوہلی کی بیٹنگ میں خود غرضی دیکھی ہے اور یہ اس ورلڈ کپ میں تیسری بار ہوا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ 49ویں اوور میں وہ اپنی سنچری تک پہنچنے کے لیے سنگل لیتے ہیں، انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے اننگز نہیں کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ ’97 اسکور کرنے کے بعد انہوں نے جس طرح اننگز کھیلیں وہ غلط ہے، 49ویں اوور میں آپ ٹیم کی جیت کے لیے نہیں بلکہ صرف اپنی سنچری کے لیے سوچ رہے ہیں، یہ درست ہے کہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی سنچری اسکور کرنے کی فکر ہوتی ہے لیکن پہلا مقصد ٹیم کی جیت ہونی چاہیے، میں بھی ان کا بہت بڑا مداح ہوں، لیکن ابھی جو ہوا ہے وہ خود غرض اننگز ہیں اور یہ اس ورلڈ کپ میں تیسری بار ہوا ہے۔‘

محمد حفیظ نے مزید کہا کہ ویرات کو روہت شرما سے سیکھنا چاہیے جو اپنی ٹیم کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ روہت شرما بھی خود غرض اننگز کھیل سکتے تھے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا کیونکہ وہ اپنی ٹیم کے لیے کھیل رہے ہیں نہ کہ صرف اپنی سنچری اسکور کرنے کے لیے کھیل رہے ہیں۔

محمد حفیظ کے تبصرے پر جب جیو نیوز کے پروگرام ’ہارنا منع ہے‘ میں محمد عامر سے رائے کا اظہار کرنے کا پوچھا گیا تو انہوں نے Nonsense کہتے ہوئے جواب دیا کہ ’وہ ایک پروفیسر ہیں،کچھ بھی کہہ سکتے ہیں۔‘

پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے بھی محمد حفیظ کی رائے سے اختلاف کیا۔

یاد رہے کہ ویرات کوہلی نے ورلڈکپ میں اب تک 2 سنچریاں اسکور کی ہیں، نمایاں کارکردگی اور انڈین ٹیم کے لیے تعاون کے باوجود سوشل میڈیا پر بھی انہیں ’سیلفش‘ یعنی ’خود غرض‘ کہا جاتا رہا ہے۔

کئی صارفین نے الزام لگایا کہ ویرات صرف اپنی سنچری اسکور کرنے کے لیے اننگز کھیلتے ہیں اور جیسے ہی 100 رنز عبور ہوجاتے ہیں وہ آؤٹ ہوجاتے ہیں۔

کئی صارفین نے ویرات کوہلی کے 95 رنز پر آؤٹ ہونے پر لکھا کہ ’ہر خودغرض کا ایسا ہی انجام ہوتا ہے، کرکٹ خود غرضوں کے لیے نہیں ہے۔‘

اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھی ماضی میں ’خود غرض‘ کھلاڑی قرار دیا جاتا رہا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024