• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 859 حلقوں کیلئے ریٹرنگ افسران تعینات کردیے

شائع December 12, 2023
ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو منعقد ہوں گے — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو منعقد ہوں گے — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری 2024 کو شیڈول عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے قومی و صوبائی اسمبلی کے 859 حلقوں کے لیے ریٹرننگ افسران (آر اوز)، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوزٌ تعینات کردیے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ریٹرننگ افسران، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 859 حلقوں کے لیے آر اوز، ڈی آر اوز اور اے آر اوز تعینات کردیے ہیں، الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر تقرری کر دی۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 36 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، پنجاب میں 41 ڈی آر اوز، سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 30 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور بلوچستان میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 36 ڈی آر اوز تعیناتی کیے ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 266 ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کردیے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 45 آر اوز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، اسلام آباد سے 3 آر اوز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، پنجاب سے قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 141 آر او اور اے آر اوز، سندھ سے 61 ریٹرننگ افسر اور اے آر اوز اور بلوچستان سے قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 16 ریٹرننگ افسران اور اے آر اوز تعینات کردیے ہیں۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی مخصوص نشستوں کے لیے 8 ریٹرننگ افسران تعینات کردیے ہیں، الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے لیے 115 ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، پنجاب کی صوبائی اسمبلی کے لیے 297 آر اوز اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران، سندھ کی صوبائی اسمبلی کے لیے 130 ریٹرننگ افسران اور اےآر اوز اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے لیے 51 آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی کا اعلان کردیا۔

یاد رہے کہ 8 نومر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سپریم کورٹ میں پولنگ کی تاریخ سے متعلق نوٹی فکیشن جمع کرادیا، جس میں بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ کا اعلان کرتا ہے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ملک میں عام انتخابات 90 روز میں کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف پاکستان کو عام انتخابات کی تاریخ طے کرنے کے لیے صدر مملکت سے مشاورت کی ہدایت کی تھی جبکہ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا تھا کہ 11 فروری کو الیکشن کرا دیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وکیل سجیل سواتی نے عدالت کو بتایا تھا کہ حلقہ بندیوں کا عمل 29 جنوری تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے بعد 11 فروری کو انتخابات ہوں گے۔

بعد ازاں ایوان صدر نے بتایا تھا کہ ’ تفصیلی بحث کے بعد اجلاس میں متفقہ طور پر ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے’۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024