• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

ڈی آئی خان حملے پر پاکستان کا سخت احتجاج، افغانستان سے ٹی ٹی پی قیادت حوالے کرنے کا مطالبہ

شائع December 12, 2023
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر دہشت گرد حملے پر افغان ناظم الامور کو طلب کر کے دہشت گرد حملے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی قیادت کو پکڑ کر حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر مہلک دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں افغان عبوری حکومت کے ناظم الامور کو طلب کر کے پاکستان کی جانب سے ڈیمارش جاری کردیا۔

اس حملے کی ذمہ داری کالعدم ٹی ٹی پی سے وابستہ ایک دہشت گرد گروپ تحریک جہاد پاکستان نے قبول کی ہے، جہاں حملے کے نتیجے میں 23 سیکیورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

افغان ناظم الامور سے کہا گیا کہ وہ فوری طور پر افغان عبوری حکومت کو آگاہ کریں اور حالیہ حملے کے مرتکب افراد کے خلاف مکمل تحقیقات کر کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

افغان حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ دہشت گردی کے اس واقعے کی عوامی سطح پر مذمت کرے اور تمام دہشت گرد گروہوں، ان کی قیادت اور ان کی پناہ گاہوں کے خلاف فوری طور پر کارروائیاں کی جائیں۔

سیکریٹری خارجہ نے مطالبہ کیا کہ افغان حکومت حملے کے مرتکب افراد اور افغانستان میں ٹی ٹی پی کی قیادت کو پکڑ کر حکومت پاکستان کے حوالے کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کے مسلسل استعمال کو روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ آج کا دہشت گرد حملہ خطے کے امن و استحکام کو دہشت گردی سے لاحق خطرے کی یاد دہانی کراتا ہے، پاکستان دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے اور اس عفریت کو شکست دینے کے لیے ہمیں اپنی تمام تر اجتماعی طاقت کو بروئے کار لانا ہو گا۔

ڈی آئی خان میں خودکش حملہ، 23 جوان شہید

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 12 دسمبر کی علی الصبح 6 دہشت گردوں کے ایک گروپ نے درابن کے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کر دیا، ان کی جانب سے چوکی میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی تھی۔

مزید بتایا گیا کہ اس خودکش حملے کے نتیجے میں عمارت تباہ ہو گئی اور 23 بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، جبکہ تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

اس کے علاوہ 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب انٹیلی جنس کی بنیاد پر درازندہ کے علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، اور 17 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کولاچی کے علاقے میں ایک اور انٹیلی جنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024