• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کے تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد

شائع December 13, 2023
الیکشن کمیشن پاکستان نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں  چیف سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کردیا — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان
الیکشن کمیشن پاکستان نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں چیف سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کردیا — فائل فوٹو: ریڈیو پاکستان

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری 2024 کو ہونے والے انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز کے تقرر و تبادلوں پر پابندی عائد کردی۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق اس نے عام انتخابات سے متعلق ریٹرننگ افسران (آر اوز)، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران (اے آر اوز) کے تقرر کے باعث ٹرانسفر، پوسٹنگ پر پابندی عائد کی ہے۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ عام انتخابات میں ڈی سی اور اے ڈی سیز کو ذمے داریاں سونپی گئی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں چیف سیکریٹریز کو مراسلہ جاری کردیا۔

یاد رہے کہ آئندہ برس عام انتخابات کے لیے تعینات کیے گئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران (ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ افسران (آر اوز) کی ٹریننگ آج سے شروع ہو رہی ہے، ٹریننگ کے دوران 859 ریٹرننگ افسران 13 سے 15 دسمبر تک اپنے متعلقہ ضلعی سطح پر 3 روزہ انتخابی تربیت حاصل کریں گے۔

گزشتہ روز ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز میں 16 دسمبر 2023 کو ایک روزہ تربیتی سیشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ڈی آر اوز اور آر اوز کی تربیت کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے قانون کے برخلاف ان کی تاخیر سے تعیناتی کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے۔

الیکشنز ایکٹ کے سیکشن 53 کے تحت انتخابی پروگرام کے اجرا سے کم از کم 60 روز قبل ڈی آر اوز اور آر اوز تعینات کرنا الیکشن کمیشن پر لازم ہے۔

’غیر معمولی حالات‘ میں قانون سے انحراف کی گنجائش موجود ہے جس کی وجوہات ریکارڈ پر لانا ضروری ہے، ایسی صورت حال میں الیکشن کمیشن انتخابی پروگرام کے اجرا کے ساتھ ساتھ تعیناتیاں بھی کر سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کل ہی عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے قومی و صوبائی اسمبلی کے 859 حلقوں کے لیے ریٹرننگ افسران، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کردیے تھے۔

اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 36 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، پنجاب میں 41 ڈی آر اوز، سندھ میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 30 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور بلوچستان میں قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 36 ڈی آر اوز تعیناتی کیے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی نشستوں کے لیے 266 ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران تعینات کردیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024