لاہور ہائیکورٹ: شیر افضل مروت کی نظربندی کےخلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر، پولیس کو نوٹس جاری
لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کی مینٹننس آف پبلک آرڈر (ایم پی او) کے تحت نظر بندی کے خلاف درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور پولیس کو نوٹس جاری کر دیا۔
جسٹس شہرام سرور چوہدری نے چیمبر میں درخواست پر سماعت کی۔
واضح رہے کہ سینئر نائب صدر تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) شیر افضل مروت کی نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا، درخواست میں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اور انسپیکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست کے مطابق شیر افضل مروت لاہور ہائی کورٹ بار میں خطاب کر کے واپس روانہ ہوئے تو انہیں گرفتار کر لیا گیا، درخواست میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت کی نظر بندی غیر قانونی و غیر آئینی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت شیر افضل مروت کی نظر بندی کو کالعدم قرار دے کر ان کی رہائی کا حکم دے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز (14 دسمبر) کو لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کو لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا تھا، اطلاعات کے مطابق شیر افضل مروت لاہور ہائی کورٹ بار کے اجلاس میں شرکت کے بعد واپس روانہ ہوئے تو جی پی او چوک پر پولیس اہلکاروں نے انہیں روک لیا۔
اس موقع پر شیر افضل کے ہمراہ وکلا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، گرفتاری کے وقت ساتھی وکلا نے کچھ مزاحمت کی، اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما نے لاہور ہائی کورٹ میں داخل ہونے کی کوشش بھی کی تاہم پولیس شیر افضل مروت کو گرفتار کرکے اپنے ہمراہ لے گئی۔
لاہور پولیس نے بتایا تھا کہ شیر افضل مروت کو نقض امن کا باعث بننے پر گرفتار کیا گیا ہے، 30 روز کے لیے ان کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے گیے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی شیر افضل مروت کو خیبر پختونخوا کے علاقے لوئر دیر میں مبینہ طور پر گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا گیا تھا، شیر افضل مروت باجوڑ جا رہے تھے کہ چکدرہ بائی پاس پر لوئر دیر پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا تھا۔
واضح رہے کہ شیر افضل کو گزشتہ ماہ ہی پاکستان تحریک انصاف کا سینئر نائب صدر بنایا گیا تھا۔
خیال رہے کہ اکتوبر کے اواخر میں شیر افضل خان مروت پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ ریاستی اداروں کے خلاف عوام کو اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔
ان کے خلاف شکایت شور کوٹ کے رہائشی عبدالمجید نے درج کروائی اور صدر پولیس تھانے میں 27 اکتوبر (منگل) کو اس کی ایف آئی آر درج کی گئی، تھانے کے ایک پولیس افسر نے شیر افضل مروت کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کی۔