سندھ میں پیپلزپارٹی کو تحریک انصاف سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ناصر حسین شاہ
رہنما پیپلزپارٹی ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں ہمیں تحریک انصاف سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ہر جگہ پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم ایک دن بھی الیکشن میں اب تاخیر نہیں چاہتے۔
سکھر میں ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی اب بات نہیں رہی، پیپلزپارٹی کو کسی الیکشن میں فیور نہیں ملی، پیپلزپارٹی کا فیور لینے کا تصور غلط ہے، ہم نہ پہلے لاڈلے بنے ہیں اور نہ بنیں گے،ہم عوام کے لاڈلے ہیں اور رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے، پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں، اس پر اتحاد کی بات نہیں ہونی چاہیے، پی ٹی آئی والے اگر عوامی پروسیس کرتے تو ان کو آج ان حالات کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کیوں پی ٹی آئی کو الگ رکھنا چاہتی ہے، اس کا جواب وہ دیں گے؟ حالات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ الیکشن کے بعد بننے والی حکومت اور اپوزیشن تعمیری باتیں کریں۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں ہمیں تحریک انصاف سے کوئی خطرہ نہیں ہے، ہر جگہ پر مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم ایک دن بھی الیکشن میں اب تاخیر نہیں چاہتے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں پر سب سے زیادہ اعتراض پیپلزپارٹی کو ہیں، ہم کورٹ میں بھی گئے، سب سے زیادہ اعتراضات ہم نے الیکشن کمیشن میں داخل کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نان ایشو اٹھانے کی ماہر ہے، وہ بتائیں انہوں نے کتنے اعتراضات داخل کیے ہیں؟ ہم بھی چاہتے تھے کہ آر او عدالتی سسٹم سے ہوں۔