عام انتخابات: خواجہ آصف کا قومی اسمبلی میں پارٹی کی واضح اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ
مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں پارٹی کی واضح اکثریت سے کامیابی کا دعویٰ کردیا۔
لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف الیکشن میں بیانات دینا کوئی نئی بات نہیں، یہ انتخابات کا کلچر ہے لیکن الیکشن کے بعد سیاسی حریف تلخ بیانات بھول کر اتحادی بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ دو تہائی کی بات نہیں کرتے لیکن (ن) لیگ، قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ایسی حکومت بننی چاہیے جس میں قومی اتفاق رائے ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں میں ہیجانی کیفیت بڑھ گئی ہے، اس وقت مرہم رکھنے کی ضرورت ہے اور وقت آگیا ہے کہ سب مل کر بیٹھیں اور ملک کے لیے سوچیں۔