• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کراچی: آر جے مال آتشزدگی کا عبوری چالان عدالت میں جمع، انتظامیہ اور بلڈر ذمہ دار قرار

شائع December 29, 2023
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ پلازہ کو بغیر اجازت تعمیر پر جون میں جرمانہ بھی ہوچکا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ پلازہ کو بغیر اجازت تعمیر پر جون میں جرمانہ بھی ہوچکا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر واقع آر جے شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کا عبوری چالان تفتیشی افسر نے عدالت میں جمع کروا دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ میں تفتیشی افسرنے ہولناک انکشافات کیے ہیں۔

چالان میں آر جے شاپنگ مال انتظامیہ اور بلڈر کو واقعے کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔

چالان کے مطابق آگ دوسری منزل پر موجود فوڈ کورٹ میں لگی، فوڈ کورٹ کا مالک شاپنگ مال کے مالک رفیق جاپان والا کا بھائی حنیف جاپان والا ہے جو واقعے کے بعد سے مفرور ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دیکھا جائے عمارت کا نقشہ کس نے منظور کیا، جبکہ شارٹ سرکٹ سے لگنے والی آگ کے فوری بعد لفٹ کا دروازہ بند کردیا گیا جس سے لفٹ میں سوار تمام افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

چالان کے مطابق سول ڈیفنس، کنٹونمنٹ بورڈ، ایس بی سی اے کو بیانات قلمبند کروانے کے لیے نوٹس ارسال کردیے گئے ہیں جہاں سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

جائے وقوع سے قبضے میں لی جانے والی اشیا کی فرانزک رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاپنگ پلازہ کو بغیر اجازت تعمیر پر جون میں جرمانہ بھی ہوچکا ہے، فائر فائٹر افسر کی رپورٹ سے ثابت ہوا کہ مال میں کوئی ہنگامی دروازہ یا حفاظتی آلات موجود نہیں تھے۔

واضح رہے کہ 25 نومبر کو کراچی میں راشد منہاس روڈ پر شاپنگ مال میں آگ لگنے کے سبب دھوئیں کے باعث دم گھٹنے سے 11 افراد جاں بحق اور 22 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

فائر بریگیڈ کی جانب سے تیار کردہ ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شاپنگ مال میں عوام کے تحفظ کا کوئی نظام موجود نہیں تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024