اسٹیٹ بینک نے صارفین کی شکایات کے ازالے کیلئے پورٹل ’سنوائی‘ کا آغاز کردیا

شائع December 29, 2023
’سنوائی‘ ویب براؤزر کے علاوہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر قابلِ رسائی ہے — فائل فوٹو: ڈان
’سنوائی‘ ویب براؤزر کے علاوہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر قابلِ رسائی ہے — فائل فوٹو: ڈان

بینک دولت پاکستان نے بینک صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے پورٹل اور ایپ ’سنوائی‘ کا آغاز کردیا ہے۔

مرکزی بینک سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اسٹیٹ بینک کی ان کوششوں کا تسلسل ہے جن کا مقصد بینکوں کے صارفین کو شکایات کے اندراج میں درپیش مشکلات دور کرنا اور ان شکایات سے نمٹنے میں بینکوں کی کارکردگی اور شفافیت کو مستحکم بنانا ہے۔

پورٹل ’سنوائی‘ بینکوں کے صارفین کے لیے ون ونڈو آپریشن کی حیثیت رکھتا ہے جہاں وہ پاکستان میں کام کرنے والے بینکوں، مائیکرو فنانس بینکوں اور ترقیاتی مالی اداروں (ڈی ایف آئیز) کے خلاف اپنی شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

اب صارفین روشن ڈجیٹل اکاؤنٹس (آر ڈی اے) سمیت کسی بھی بینکاری پروڈکٹ یا سہولت کے بارے میں اپنی شکایات ’سنوائی‘ کے ذریعے درج کرا سکتے ہیں تاکہ ان کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔

’سنوائی‘ ویب براؤزر کے علاوہ موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے بھی اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں پر قابلِ رسائی ہے۔

رجسٹرڈ صارفین اپنی آسانی کے مطابق انگریزی یا اردو زبان میں شکایات درج کرا سکتے ہیں۔

درج شدہ ہر شکایت کو ایک منفرد ٹریکنگ نمبر دیا جاتا ہے اور یہ صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس اور ای میل بھیج دیا جاتا ہے۔

بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک کی مقرر کردہ مدت (ٹرن آؤٹ ٹائم یا ٹی اے ٹی) کے اندر شکایات کا فوری اور منصفانہ حل یقینی بنائیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024