• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

مسلم لیگ (ن) ہاؤس پر حملے کا کیس: صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع

شائع January 1, 2024
صنم جاوید— فوٹو بشکریہ ایکس
صنم جاوید— فوٹو بشکریہ ایکس

لاہور کی سیشن عدالت نے پاکستان مسلم لیگ (ن) ہاؤس کو جلانے کے مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی کارکن صنم جاوید کے جسمانی ریمانڈ میں ایک روز کی توسیع کر دی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ڈیوٹی ایڈیشنل سیشن جج سید اظہر علی جعفری نے کیس پر سماعت کی، پولیس نے صنم جاوید کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا، پولیس نے استدعا کی کہ ملزمہ سے تفتیش اور برآمدگی کے لیے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

یاد رہے کہ 30 دسمبر 2023 کو لاہور کی سیشن عدالت نے مسلم لیگ (ن) ہاؤس جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی کی خاتون کارکن صنم جاوید کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

ملزمہ صنم جاوید کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاؤن میں مقدمہ درج ہے، انسداد دہشتگردی عدالت نے 7 نومبر 2023 کو ملزمہ کی مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی۔

خیال رہے کہ 29 دسمبر کو ڈپٹی کمشنر لاہور نے صنم جاوید کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی عدالت میں سرکاری وکیل نے رپورٹ جمع کروائی تھی، جس کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور نے نظر بندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

صنم جاوید کے والد نے نظر بندی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ صنم جاوید کو قانون کے منافی نظر بند کیا گیا، صنم جاوید کے خلاف جلاؤ گھیراؤ اور عسکری ٹاور حملہ کیس زیر سماعت ہیں، عدالت اس نظر بندی کے آرڈر کو کالعدم قرار دے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور نے صنم جاوید کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن 2 دسمبر کو جاری کیا تھا۔

بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے صنم جاوید کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر چیمبر میں سماعت کی۔

عدالت نے درخواست ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ کی روشنی میں نمٹا دی تھی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ ڈپٹی کمشنر لاہور نے صنم جاوید کی نظر بندی کے احکامات واپس لے لیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024