فواد چوہدری کو بڑا سیاسی جھٹکا، اہلیہ حبا چوہدری نا اہل قرار
جہلم کی الیکشن ٹربیونل نے سابق رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد کو جہلم کے صوبائی حلقہ سے نا اہل قرار دے دیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن ٹربیونل نے فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری کے خلاف دائر اعتراضات کو درست قرار دے دیا، حبا چوہدری کے 3 غیر ملکی دورے اور 9 بینک اکاؤنٹس نکل آئے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ان کے غیر ملکی دوروں اور اسٹیٹ بینک نے اکاؤنٹس کا ریکارڈ پیش کردیا۔
حبا چوہدری نے بینک اکاؤنٹس اور غیر ملکی دورے چھپائے، ان کے کاغذات مسترد اور نا اہل ہونے پر فواد چوہدری کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، فواد چوہدری کے این اے 60 اور 61 سے منظور کاغذات کا حکمنامہ بھی واپس لے لیا گیا ہے۔
الیکشن ٹربیونل کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے کاغذات میں اپنی بیوی کے بینک اکاؤنٹس اثاثے اور غیر ملکی دورے چھپائے ہیں، کیوں نا فواد چوہدری کو بھی حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا جائے۔
یاد رہے کہ فوادچوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے پی پی 26 کے لیے اپنے**کاغذات نامزدگی** بھی جمع کروائے تھے۔