عوام دیکھ چکے مسلم لیگ (ن) کے سوا باقی سب نے دھوکا دیا، شہباز شریف

شائع January 7, 2024
—فوٹو: پی ایم این ایکس
—فوٹو: پی ایم این ایکس

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات ملک کی ترقی کا نقطہ آغاز ثابت ہوں گے، عوام دیکھ چکے کی مسلم لیگ (ن) کے سوا باقی سب جماعتوں نے انہیں دھوکا دیا۔

پارٹی کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ لاہور میں سابق وزیر اعظم نے پارٹی رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

پارٹی صدر سے ملاقات کرنے والے سینئر رہنماؤں میں سابق وزرا خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق اور میاں جاوید لطیف شامل تھے۔

ان کے علاوہ عطا مانیکا، ملک افضل کھوکھر، محسن شاہنواز رانجھا، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، سردار عرفان ڈوگر، ملک سیف الملوک کھوکھر،طفیل جٹ اور اشرف جٹ نے بھی پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقات کی اور پارٹی امور اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

شہباز شریف نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے جذبے کی تعریف کی۔

اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ آٹھ فروری کے انتخابات پاکستان کی ترقی کا نقطہ آغاز ثابت ہوں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے انقلابی اقدامات کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ عوام کے پاکستان پر اعتماد کو بحال کریں گے، اقتصادی پالیسی میں توازن لائیں گے، عوام اور مالیاتی اداروں دونوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024