• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شدت 6 ریکارڈ

شائع January 11, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سوات اور اس کے گردونواح میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوئے، اس کے علاوہ کوہاٹ، لاہور ، مردان، اسلام آباد، ایبٹ آباد، پنڈدادن خان، سرگودھا اور پشاور کے اطراف میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاراچنار اور ملحقہ علاقے، گجرات، گوجرانوالہ، شانگلہ،صوابی، مالاکنڈ، اپردیر، مہمند، لوئردیر، بھلوال، جھنگ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، اوکاڑہ اورگردونواح بھی زلزلے سے لرز اٹھے، لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے، جھٹکے کئی سیکنڈز تک محسوس کیے گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی ہے۔

بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکےمحسوس کیے گئے۔

افغانستان اور تاجکستان بھی شدید زلزلے سے لرز اٹھے، جھٹکے افغانستان کے شہر بدخشاں، فیض آباد اور دیگر شہروں میں محسوس کیے گئے.

افغانستان میں زلزلے کی شدت 6.3 جبکہ تاجکستان میں شدت 4.2 تھی۔

زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے 2 بجکر 25 منٹ پر محسوس کیے گئے، زلزلے کی گہرائی 213 کلو میٹر تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، نقصانات کے حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا، زلزلے کے آفٹر شاکس بھی آ سکتے ہیں۔

ترجمان پاکستان ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع سے زلزلے کے بارے ابتدائی رپورٹ موصول ہوگئی ہے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.0 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش ریجن تھا۔

مزید کہا کہ پنجاب بھر میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے، زلزلے کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز 24/7 الرٹ ہیں، زلزلہ سے ہونے والے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ’ڈان نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کا مرکز ہندوکش کی فالٹ لائن تھی جس کی شدت پاکستان کے مختلف علاقوں میں محسوس کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ زلزلے کی شدت 6 اچھی خاصی ہوتی ہے، آفٹر شاکس بھی آسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زلزلےکی شدت بہت تھی، دوردور تک جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت خاصی ہے اس لیے اس کے قرب و جوار میں نقصان کا اندیشہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024