چیف الیکشن کمشنر کا آئی جی خیبر پختونخوا کو خط، جے یو آئی(ف) کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت
چیف الیکشن کمیشن کمشنر نے آئی جی خیبر پختونخوا کو خط لکھ کر جمعیت علمائے اسلام(ف) کے کارکنوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی جانب سے آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ کو خط لکھ کر ہدایت جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہےکہ پولیس جے یو آئی(ف) کے کارکنوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
پولیس کو جے یو آئی کے کارکنوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انتخابی مہم میں امن و امان برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
جے یو آئی(ف) کے رہنما مولانا حافظ وقاص کی جانب سے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران جمعیت علمائے اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن سمیت متعدد رہنماؤں کو حملے میں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔
چند دن قبل پشاور کے محکمہ انسداد دہشت گردی نے کارروائی کرتے ہوئے داعش کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا تھا جو سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ایمل ولی خان پر حملےکی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔