انتخابی عملے کی تربیت کے دوران غیرحاضری کا نوٹس، سخت کارروائی کا فیصلہ
الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹاف کی تربیت کے دوران غیر حاضری کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے سخت انضباطی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی جانب سے تمام چیف سیکریٹریز اور صوبائی الیکشن کمشنرز کو اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پولنگ اسٹاف کی تربیت کے دوران حاضری کو یقینی بنایا جائے۔
ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ تربیت کے دوران غیر حاضر رہنے والے ملازمین کی فوری معطلی اور ان کے خلاف ضابطے کے مطابق سخت ترین کارروائی یقینی بنائی جائے، اس سلسلے میں کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔