ثانیہ مرزا کے پاس کتنی دولت ہے؟
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے طلاق اور سابق شوہر کی دوسری شادی کے بعد بھارتی میڈیا میں ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی دولت سے متعلق بھی خبریں شائع ہونا شروع ہوئیں۔
ثنا مرزا نے اپنے کیریئر کے عروج پر 2010 میں شعیب ملک سے شادی کی تھی، ان کے ہاں 2018 میں پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی اور دونوں کے درمیان 2023 میں طلاق ہوئی۔
ثانیہ مرزا کے سابق شوہر شعیب ملک نے 20 جنوری کو پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کی تصدیق کی اور اداکارہ کی بھی یہ دوسری شادی تھی، انہوں نے پہلی شادی 2020 میں گلوکار عمیر جسوال سے کی تھی۔
شعیب ملک کی دوسری شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد معروف بھارتی فیشن و سلیبرٹی میگزین جی کیو نے ثانیہ مرزا کی دولت، اثاثوں اور سالانہ کمائی سے متعلق رپورٹ شائع کی، جس کے مطابق ٹینس اسٹار کے پاس تقریبا ساڑھے 7 ارب روپے کی دولت ہے۔
میگزین نے مختلف اخبارات اور نشریاتی اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ثانیہ مرزا کے پاس بھارتی شہر حیدرآباد اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں پرتعیش گھر ہیں، جن کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق دبئی میں ثانیہ مرزا کی زیر ملکیت رہنے والا گھر انہوں نے شوہر شعیب ملک کے ساتھ خریدا تھا، تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اب وہ گھر کس کی ملکیت رہے گا؟
میگزین نے بتایا کہ ثانیہ مرزا کے بھارتی شہر حیدرآباد میں موجود گھر بھارتی 14 کروڑ روپے مالیت کا ہے اور ان کے پاس متعدد مہنگی اور پرتعیش کاریں ہیں جب کہ والدہ سمیت دیگر اہل خانہ کے پاس علیحدہ مہنگی گاڑیاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ثانیہ مرزا نے سال 2022 میں مختلف پروجیکٹس سے ایک سال میں 25 کروڑ بھارتی روپے کمائے اور ان کے پاس اس وقت بھی 2 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 7 ارب روپے سے زائد کے اثاثے موجود ہیں۔
ثانیہ مرزا کا شمار نہ صرف بھارت کی امیر ترین اسپورٹس وویمن میں ہوتا ہے بلکہ وہ دنیا کی پراثر اور بااثر اسپورٹس فیمیلز میں سے ایک ہیں۔
یہ واضح نہیں ہے کہ ان کے سابق شوہر کرکٹر شعیب ملک کے پاس کتنی دولت ہے، تاہم ممکنہ طور پر ان کے پاس بھی سابق اہلیہ یا اس سے کچھ زائد دولت ہوگی۔