• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

الیکشن 2024: وفاقی کابینہ کی سیکیورٹی کیلئے فوج تعینات کرنے کی منظوری

وزیر اعظم اور کابینہ کے تمام اراکین نے مشترکہ طور پر ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کی تائید کی — فوٹو: پی آئی ڈی
وزیر اعظم اور کابینہ کے تمام اراکین نے مشترکہ طور پر ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے تجاویز کی تائید کی — فوٹو: پی آئی ڈی

وفاقی کابینہ نے الیکشن 2024 کی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

نگران وفاقی کابینہ نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ری اسٹرکچرنگ اور ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے پیش کی گئی تجاویز پر سیر حاصل بحث کی۔

انوارالحق کاکڑ نے ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے پیش کی گئی ان تجاویز کے حوالے سے کابینہ اراکین کی آرا کی روشنی میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کی سربراہی میں ایک بین الوزارتی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت کی۔

کمیٹی کے دیگر اراکین میں وفاقی وزرا برائے نجکاری، خارجہ امور، تجارت، توانائی، قانون و انصاف اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہوں گے۔

کمیٹی ان تجاویز کے حوالے سے اپنی سفارشات وفاقی کابینہ کے اگلے اجلاس میں پیش کرے گی۔

کابینہ نے ملک میں ٹیکس آمدن میں اضافے، ٹیکس ۔ جی ڈی پی تناسب میں بہتری اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے پیش کی گئی مفصل تجاویز پر نگران وفاقی وزیر خزانہ کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر اعظم اور کابینہ کے تمام اراکین نے مشترکہ طور پر ایف بی آر اصلاحات کے حوالے سے ان تجاویز کی تائید کی اور اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ نگران حکومت، ایف بی آر اصلاحات کے ایجنڈے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کے دستوں کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

یہ دستے حساس حلقوں اور پولنگ اسٹیشنز پر فرائض سرانجام دیں گے اور ریپڈ رسپانس فورس کے طور پر بھی کام کریں گے۔

اجلاس میں وزارت خزانہ کی سفارش پر طاہر حسین قریشی کی ایس ایم ایس بینک کے صدر کے طور پر مدت ملازمت میں تین ماہ یا ادارے کی باضابطہ بندش تک کی توسیع کی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 9 جنوری کو منعقد ہونے والے اجلاس اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 9 اور 17 جنوری کو منعقد ہونے والے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کی۔

یاد رہے کہ آج ہی عام انتخابات 2024 میں فوج کی تعیناتی کی سمری وزارت داخلہ نے نگران وفاقی کابینہ کو بھجوا دی تھی۔

خیال رہے کہ دسمبر کے اوائل میں عام انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن پر فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی تعیناتی کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے سیکریٹری داخلہ کو خط لکھا تھا۔

6 دسمبر کو نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا تھا کہ عام انتخابات کے لیے جن سیاستدانوں نے سیکیورٹی مسائل پر بات کی ہے، انتخابات میں سیکیورٹی کیلئے فوج کی تعیناتی کا مطالبہ آیا تو غور کریں گے۔

28 دسمبر کو آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈرز کانفرنس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ پاک فوج عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تعاون فراہم کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024