• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کے پی میں اگلی حکومت میری ہی ہوگی، کوئی اسے نہیں روک سکتا، پرویز خٹک

شائع January 23, 2024
پرویز خٹک نے کہا عمران خان نے اپنی جھوٹی تقاریر سے لوگوں کو بےوقوف بنایا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
پرویز خٹک نے کہا عمران خان نے اپنی جھوٹی تقاریر سے لوگوں کو بےوقوف بنایا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ صوبے میں اگلی حکومت ان کی ہی ہوگی اور کوئی اسے روک نہیں سکتا۔

مردان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ’آنے والا دور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کا ہے اور میں آئندہ وزیر اعلیٰ ہوں گا، میری ہی حکومت ہوگی اور اس کو کوئی نہیں روک سکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو 75 سالوں سے ان وڈیروں اور جاگیرداروں نے لوٹا ہے، ملک کو کرپٹ ٹولے نے برباد کیا، اگر اپنے وسائل سے ملک کی معیشت کو ٹھیک نہیں کیا گیا تو 6 ماہ بعد مزید مہنگائی کا طوفان آئے گا۔

پرویز خٹک نے سیاسی مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر ملک کوترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتے تو میدان میں کیوں نکلے ہو، یہاں اسلام کے نام پر بھی ووٹ لیا گیا مگر اسلام اور علما کے لیے ان کی کیا خدمات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکولوں، ہسپتالوں اور پولیس کی حالت زار سب کے سامنے ہے، پٹوار کلچر کا خاتمہ میں نے اپنے دور حکومت میں کیا تھا، خیبر پختونخوا میں اصلاحات میں نے کی تھے اگر عمران خان کرتے تو پنجاب حکومت میں کرلیتے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی جھوٹی تقاریر سے لوگوں کو بےوقوف بنایا ہے، عمران خان نے سب سے زیادہ قرضے لے کر ملک کو آئی ایم ایف کا غلام بنا دیا تھا، جب تک ہم وسائل سے اپنی معیشت مستحکم کرنے کی کوشش نہیں کرتے تب تک ملک کے حالات خراب ہوتے رہیں گے۔

سربراہ پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ اس ملک کو ایماندار لوگ ٹھیک کر سکتے ہیں، ملک کو اگر ٹھیک کرنا ہے تو ان وڈیروں اور جاگیرداروں کا راستہ روکنا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024