الیکشن 2024: سیکیورٹی کیلئے پشاور پولیس کا ہوم ورک مکمل، 500 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار
عام انتخابات 2024 کی سیکیورٹی کے لیے پشاور پولیس نے ہوم ورک مکمل کرلیا، شہر میں مجموعی طور پر ایک ہزار 280 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، ان میں سے 500 کو حساس ترین، 630 کو حساس اور 150 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق پشاور پولیس نے بتایا کہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر 2 ہزار 885 جبکہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 2 ہزار 620 اہلکار تعینات ہوں گے۔
عام پولنگ اسٹیشنز پر 144 اہلکار تعینات ہوں گے، ایک ہزار 170 خواتین پولیس اہلکار بھی پولنگ اسٹیشنز پر تعینات کی جائیں گی۔
نارمل پولنگ اسٹیشنز میں 3 اہلکار، حساس پولنگ اسٹیشنز میں 4 اور حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر 5 اہلکار تعینات ہوں گے۔
ہاٹ اسپاٹس پر خصوصی کیمروں سے لیس اہلکار تعینات ہوں گے، انتظامات کا جائزہ لینےکے لیے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی جائیں گی، اہلکاروں کو باڈی کیمرے لگانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔