• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

لاہور: حماد اظہر کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس کا چھاپہ، 2 ساتھی گرفتار

شائع January 24, 2024
پولیس کے مطابق حماد اظہر کو پناہ دینے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی پی
پولیس کے مطابق حماد اظہر کو پناہ دینے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی پی

لاہور میں پولیس نے سابق وفاقی وزیر و رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حماد اظہر کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی، تاہم وہ موقع سے فرار ہوگئے، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق حماد اظہر کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے لاہور کے علاقے جعفریہ کالونی میں چھاپہ مارا۔

حماد اظہر کے ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں کو دیکھ کر شور مچادیا، پولیس کے پہنچنے تک حماد اظہر موقع سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حماد اظہر کو پناہ دینے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزمان نے حماد اظہر کو فرار کرایا۔

پولیس نے کہا کہ حماد اظہر 9 مئی جناح ہاؤس حملہ کیس کے مرکزی مقدمہ میں مطلوب ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

بعدازاں اکتوبر میں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے حماد اظہر سمیت پی ٹی آئی کے 5 رہنماؤں کو 9 مئی کے فسادات کے مقدمات کی کارروائی میں شامل ہونے میں مسلسل ناکامی پر اشتہاری قرار دے دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024