• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

بلوچستان: امن و امان کی مخدوش صورتحال، حلقہ پی بی 13، 14 میں جلسوں، عوامی اجتماعات پر پابندی

شائع February 1, 2024
اعلامیہ کے مطابق پابندی حالیہ دہشتگردی کی لہر اور مخدوش صورتحال کے باعث لگائی گئی ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز
اعلامیہ کے مطابق پابندی حالیہ دہشتگردی کی لہر اور مخدوش صورتحال کے باعث لگائی گئی ہے—فائل فوٹو: ڈان نیوز

بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے پیش نظر حلقہ پی بی 13 اور پی بی 14 میں جلسوں، کارنر میٹنگ اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کردی گئی۔

ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پابندی حالیہ دہشتگردی کی لہر اور مخدوش صورتحال کے باعث لگائی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق نصیر آباد کے حلقہ پی بی 13 اور پی بی 14 میں جلسوں، کارنر میٹنگ اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اعلامیہ میں تمام امیدواروں کو انتخابی مہم محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے آج اس حوالے سے سہ پہر 3 بجے اجلاس طلب کر رکھا ہے۔

صوبہ بلوچستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں، ایک روز قبل تحریک انصاف کی ریلی کے دوران دھماکے میں 4 افراد جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے ایک دن قبل بلوچستان کے ضلع بولان میں سیکیورٹی فورسز نے مچھ جیل پر کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنادیا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ جوابی کارروائی کر کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک بھی کردیا تھا۔

اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا بھی کچھ عرصے سے بدامنی کا شکار ہے اور دہشت گرد انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف امیدواروں پر حملے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی فورسز کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔

گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں نا معلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے قومی اسمبلی کا ایک امیدوار جاں بحق جبکہ 4 دیگر افراد زخمی ہوگئے۔

قبل ازیں 10 جنوری کو خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر لاچی ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے دہشتگردوں کے حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024