عام انتخابات: بلوچستان، خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی فضائی راستےسےترسیل کا فیصلہ

شائع February 1, 2024
کراچی میں ایک اور اسلام اباد میں دو سرکاری پرنٹنگ پریس بیلٹ پیپرز چھاپ رہےہیں—فائل فوٹو
کراچی میں ایک اور اسلام اباد میں دو سرکاری پرنٹنگ پریس بیلٹ پیپرز چھاپ رہےہیں—فائل فوٹو

8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے لیے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی فضائی راستےسےترسیل کا فیصلہ کیا گہا ہے۔

’ڈان نیوز ’ کے مطابق 8 فروری کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مختلف علاقوں میں پولنگ کے سامان کی ترسیل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

کمیشن نے اس سلسلے میں اہم فیصلہ کرتے ہوئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بیلٹ پیپرز کی فضائی راستے سے ترسیل کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان صوبوں کے بعض علاقوں میں پولنگ کے لیے بیلٹ پیپرز ہیلی کاپٹر اور سی ون تھرٹی کےذریعے بھجوائے جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ بلوچستان کے علاقوں گوادر ، پنجگور، کیچ اور خاران میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل فضائی راستوں سے کی جائے گی جب کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع باجوڑ اور کرم ایجنسی میں بھی بیلٹ پیپرز کی ترسیل فضائی راستے سے کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی، خیبر پختون خوا کے 90 فیصد ووٹوں کی طباعت مکمل ہو گئی، پنجاب کے 90 اور سندھ کے 70 فیصد بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل ہے جب کہ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تین نشستوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی آج شروع کی جائے گی۔

کراچی میں ایک اور اسلام اباد میں دو سرکاری پرنٹنگ پریس بیلٹ پیپرز شائع کر رہے ہیں، صوبوں کو بیلٹ پیپرز کی فراہمی جاری ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے لیے خصوصی فیچرز کے حامل کاغذ کی ضرورت 24 سو ٹن تھی، بیلٹ پیپر کا سائز کم کر کے اس ضرورت کو 2170 ٹن تک لایا گیا ، 2170 ٹن خصوصی کاغذ صرف ایک مرتبہ چھپائی کے لیے بامشکل کافی ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے تین فروری تک مجموعی طور پر 26 کروڑ بیلٹ پیپرز شائع کئے جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024