سندھ میں عام انتخابات کیلئے سیکیورٹی پلان تیار
رواں ماہ 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کے پیشِ نظر سندھ بھر کے لیے سیکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ کی زیرِصدارت اجلاس میں آئی جی اسپیشل، صوبائی الیکشن کمشنر، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور دیگر حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صوبے بھر میں جنرل الیکشن کے دوران سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ اور لائحہ عمل کی منظوری دی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے جنرل الیکشن کے دوران مشترکہ فلیگ مارچ اوراسنیپ چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
داخلی و خارجی راستوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا، سندھ رینجرز کے دستے بطور کوئیک رسپانس فورس ایریا میں تعینات رہیں گے۔
اجلاس میں اِس بات پر زور دیا گیا کہ جنرل الیکشن کے حوالے سے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کی طرف سے دیے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اورضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی۔