عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام مکمل کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ بیلٹ پیپرز کی طباعت کا کام 3 سرکاری پریس اداروں میں مکمل کیا گیا اور قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے مجموعی طور پر 26کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ بیلٹ پیپرز متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ان کےنمائندوں کے حوالے کردیے گئے ہیں۔
گزشتہ انتخابات سے تقابلی جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ 2018 کے عام انتخابات میں 22کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے تھے اور 800ٹن اسپیشل سیکیورٹی کاغذ استعمال ہوا تھا۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ عام انتخابات 2024 میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی پر 2ہزار170ٹن کاغذ استعمال ہوا اور بیلٹ پیپرز کے لیے زیادہ کاغذ خرچ ہونے کی وجہ امیدواروں کی زیادہ تعداد ہے۔