سیکیورٹی خدشات: کوئٹہ میں سیاسی اجتماعات، کارنر میٹنگز پر پابندی عائد
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل بلوچستان میں حملوں میں اضافے کے باعث سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر حکومت بلوچستان نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سیاسی اجتماعات اور کارنر میٹنگز پر پابندی عائد کردی۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں سے اپنی سرگرمیاں محدود کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ عوام کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے، الیکشن کے دنوں میں سیاسی اجتماعات کی اہمیت کا بھی اندازہ ہے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل بلوچستان میں حملوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز صوبے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملے میں 2 کارکن زخمی ہوگئے تھے۔
اس سے ایک روز قبل بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سٹی تھانے پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔
اس سے قبل کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں شرپسندوں کی جانب سے متعدد بم دھماکے کیے گئے تھے۔