دبئی کو مرتضٰی وہاب کی ضرورت ہے، بلاول بھٹو کی طنزیہ ٹوئٹ

شائع February 5, 2024
فوٹو: ایکس
فوٹو: ایکس

کراچی میں کچھ روز قبل شدید بارش کے بعد شہر میں ہونے والی بدترین صورتحال کے باعث میئر کراچی مرتضی وہاب کو شدید تنقید کا سامنا ہے، سوشل میڈیا پر صارفین شہر بھر میں خستہ حال سڑکوں اور زیر آب علاقوں کی تصاویر شیئر کرکے شہری انتظامیہ پر غم و غصہ نکال رہے ہیں۔

ایسی صورت حال میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک صارف کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا ہے کہ ’مرتضیٰ وہاب کو دبئی کی ضرورت ہے۔‘

دانیال نے اپنی ٹوئٹ میں دبئی کی ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں شدید بارش کے بعد سڑکوں پر جمع پانی میں گاڑیاں تقریباً تیرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

صارف کی ویڈیو کو بلاول بھٹو نے ری ٹوئٹ کرتے ہوئے میئر کراچی کو ٹیگ کیا اور لکھا کہ ’دبئی کو اس وقت مرتضیٰ وہاب کی ضرورت ہے‘۔

بلاول بھٹو کی ٹوئٹ کے جواب میں مرتضی وہاب نے لکھا کہ ’آپ کا اعتماد میری طاقت ہے، پروپیگنڈے یا منفی رپورٹنگ سے کبھی نہیں ڈریں گے، انشاء اللہ آپ کی قیادت میں کراچی دبئی بنے گا۔‘

بلاول بھٹو کی ٹوئٹ پر سوشل میڈیا صارفین پیپلزپارٹی پر کڑی تنقید کررہے ہیں، خواجہ برہان نامی صارف نے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ ایک دن بلاول بھٹو اور مرتضیٰ وہاب عام آدمی کا درد جان سکیں، شاید انہیں خبر نہ ہو لیکن کراچی میں لوگ ایک گھنٹے کی بارش کے بعد بھی مر جاتے ہیں، دبئی میں ایسا نہیں ہوتا۔’

ندا کرمانی نے لکھا کہ مرتضیٰ وہاب کیمرے کے ساتھ دبئی میں گھوم رہے ہیں جب کہ صوبائی حکومت ایک کے بعد ایک بحران کو نظر انداز کر رہی ہے اور ماحولیات کو نقصان پہنچانے والے منصوبوں کی منظوری دے رہی ہے۔

جبکہ دیگر صارفین نے بھی بلاول بھٹو اور مرتضٰی وہاب کو آڑے ہاتھوں لیا۔

واضح رہے کراچی میں 3 جنوری کو صرف ایک گھنٹے کی بارش نے شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا تھا، شاہراہ فیصل سمیت شہر کی کئی اہم شاہرائیں پانی میں ڈوب گئی تھیں جس کے باعث شدید ترین ٹریفک جام ہوگیا تھا اور شہریوں نے چند کلومیٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے کیا تھا۔

کراچی کے کئی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہوگیا تھا جبکہ جناح ہسپتال، سول ہسپتال سمیت کئی نجی ہسپتالوں میں بھی پانی جمع ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 4 اکتوبر 2024
کارٹون : 3 اکتوبر 2024