سیکیورٹی فورسز کا شمالی وزیرستان میں آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کےدوران فائرنگ کاتبادلہ ہوا جس کے دوران 2دہشت گرد مارےگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دوران آپریشن دہشت گردوں کا سرغنہ ایوب اللہ عرف منصور بھی مارا گیا، کارروائی میں اسلحہ اوردھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردی کے خآتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں بھی شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا تھا۔
ہلاک دہشت گرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہا تھا جبکہ اس سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں کسی دوسرے دہشت گرد کی موجودگی کے امکان کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔