الیکشن کمیشن نے انٹرنیٹ بندش کو نتائج میں تاخیر کی وجہ قرار دے دیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے انٹرنیٹ بندش کو انتخابی نتائج میں تاخیر کی وجہ قرار دے دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن اس سے قبل نتائج کا نظام انٹرنیٹ کے بغیر چلنے کے دعوے کرتا رہا ہے۔
تاہم اب الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ بند ہونے سے الیکشن مینجمنٹ سسٹم چلانے میں مشکلات ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک 9 ہزار پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آئے ہیں جبکہ 81 ہزار پولنگ اسٹیشنز کے نتائج رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 84 کے مطابق ریٹرننگ افسران انتخابات والے دن رات 2 بجے تک عبوری نتائج پر مبنی فارم 47 کی اسکین کاپی الیکشن کمیشن کو بھیجنے کے پابند ہیں۔
اگر کوئی ریٹرننگ افسر اس وقت تک کسی وجہ سے فارم 47 کی کاپی نہ بھیج پائے تو رات 2 بجے تک جو بھی نتائج مرتب ہوئے ہوں انہیں وہ تاخیر کی تحریری وجہ کے ساتھ الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
ان تحریری وجوہات میں افسر ان پولنگ اسٹیشنز کے متعلق بتائے گا جہاں سے نتائج آنا باقی ہیں اور جلد از جلد مکمل عبوری نتائج بھیجے گا، تاہم اس میں صبح 10 بجے سے تاخیر نہیں ہوگی۔
غیر ضروری وجہ سے تاخیر کی صورت میں ریٹرننگ افسر، پریذائیڈنگ افسران کے خلاف کیس آگے بھیجے گا اور الیکشن کمیشن، ایکٹ کے سیکشن 54 اور 55 کے تحت ان پریذائیڈنگ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کرے گا۔