• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کا ملک گیر احتجاج، 8 کارکن گرفتار

شائع March 2, 2024
لاہور میں پولیس تحریک انصاف کے کارکن کو گرفتار کر کے پولیس وین میں ڈال رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی
لاہور میں پولیس تحریک انصاف کے کارکن کو گرفتار کر کے پولیس وین میں ڈال رہی ہے— فوٹو: اے ایف پی

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف حصوں میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور لاہور میں پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے متعدد پی ٹی آئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کلب کے سامنے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج جاری ہے۔

خرم شیر زمان سمیت تحریک انصاف کے مختلف رہنماؤں نے احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدواروں کے نتائج تبدیل کیے گئے اور فارم 45 میں جو لوگ جیتے تھے ان کی فتح کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے بھی پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیا۔

کراچی میں پریس کلب باہر تحریک انصاف کے مظاہرے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہے— فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں پریس کلب باہر تحریک انصاف کے مظاہرے میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک ہے— فوٹو: اے ایف پی

کارکنان نے بانی پی ٹی آئی کی تصویروں کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جہاں ریلی کے شرکا نے ایف6 سے پریس کلب تک مارچ کیا جہاں پی ٹی آئی رہنماؤں نے ریلی سے خطاب کیا۔

اس کے علاوہ پشاور میں بھی مظاہرے کیے گئے لیکن سب سے بڑا مظاہرہ لاہور میں جاری ہے جہاں تحریک انصاف کے متعدد کارکنوں کو پولیس نے گرفتار بھی کر لیا۔

پنجاب پولیس نے لاہور ہائی کورٹ کے باہر جمع ہونے والے تحریک انصاف کے کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا اور اس دوران پی ٹی آئی کے جھنڈوں کی ایک گاڑی کو گھیرے میں لے کر ڈرائیور کو گاڑی سے اتار دیا۔

پولیس نے مال روڈ کے قریب احتجاج کرنے والے پی ٹی آئی کے کم از کم 8 کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

ہائی کورٹ کے قریب پولیس کی نفری کو تعینات کیا گیا تھا اور جیسے ہی تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج کے لیے وہاں پہنچے تو پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا جس کے بعد بقیہ مظاہرین منتشر ہو گئے۔

تحریک انصاف کے ورکرز کے ساتھ ساتھ انصاف لائرز فورم کے وکلا بھی لاہور ہائی کورٹ کے باہر جمع ہو گئے جنہیں احتجاج سے روکنے کے لیے پارکنگ میں بند کردیا۔

اس وقت جی پی او چوک پر تحریک انصاف کے متعدد کارکنان موجود ہیں جنہیں منتشر کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ پانی کی توپ بھی موجود ہے۔

یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے رہنما اور کارکنان بانی عمران خان کی ہدایت پر احتجاج کررہے ہیں۔

گزشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما رؤف حسن نے کہا تھا کہ ہمارے ملک گیر احتجاج کا مقصد چوری شدہ مینڈیٹ کو ریورس کروانا ہے اور ہم آئین کے اندر رہتے ہوئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024