• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جائزہ مذاکرات کا اختتامی سیشن آج

شائع March 18, 2024
—فائل فوٹو: رائٹرز
—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان اور عالمی مالیاتی بینک (آئی ایم ایف) کے درمیان جائزہ مذاکرات کا اختتامی سیشن آج ہوگا۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے زور دیے جانے پر حکومت نے نجکاری پروگرام پر کام تیز کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف نے موجودہ پروگرام کے تحت تاحال کوئی نئی شرط عائد نہیں کی ہے، شیڈول کے مطابق آخری جائزہ مذاکرات آج ختم ہوجائیں گے۔

ذرائع نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے مذاکرات کی کامیابی کے امکانات روشن ہیں، محکمہ کو عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ آخری جائزہ مذاکرات کے مثبت نتائج موصول ہونے کی امید ہے، مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات تعمیری اور مثبت انداز سے جاری ہیں۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان آخری جائزے کے لیے تمام اہم شرائط پوری کرچکا ہے، مذاکرات کی کامیابی آئی ایم ایف کے اطمینان سے مشروط ہے، مذاکرات کی کامیابی سے متعلق فیصلہ آئی ایم کرے گا۔

مذاکرات کی کامیابی پر پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ ہوگا اور جائزہ مشن ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کی آخری قسط کے لیے آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کو سفارش کرے گا۔

پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات 3 ارب ڈالرز کے قلیل مدتی قرض پروگرام کے تحت ہو رہے ہیں، اس سے پہلے پاکستان کو 2 اقساط میں مجموعی طور پر ایک ارب 90 کروڑ ڈالرز مل چکے ہیں۔

قبل ازیں آئی ایم ایف کے ساتھ ایک نئے معاہدے کی ضرورت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی ٹیم کم از کم 6 ارب ڈالر مالیت کا خاطر خواہ قرض حاصل کرنے کے لیے 3 سال کے نئے انتظامات کے لیے بات چیت شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیکج کی صحیح رقم کا تعین ہونا ابھی باقی ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ اس نئے معاہدے کے لیے بات چیت شروع کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024