• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: ملک ریاض، بیٹے کے منجمد اثاثوں کی بحالی پر نیب سے رپورٹ طلب

شائع March 19, 2024
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

190 ملین پاؤنڈز کے القادر ٹرسٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے علی ریاض کے منجمد اثاثوں کی بحالی کے معاملے پر قومی ادارہ احتساب (نیب) سے رپورٹ طلب کرلی۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ملک ریاض اور علی ریاض کے وکیل فاروق ایچ نائیک احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دورانِ سماعت فاروق ایچ نائیک نے مؤقف اختیار کیا کہ منجمند اثاثوں میں اسکول بھی شامل ہیں جو ملک ریاض وغیرہ کی ذاتی ملکیت نہیں ہیں۔

جج نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ اس معاملے میں آپ کیا کہیں گے؟ جواب میں نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جو ٹیم 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی پیروی کر رہی ہے وہ آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کردے گی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب سے رپورٹ، دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ یکم دسمبر 2023 کو نیب کی جانب سے ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جس کے بعد 4 دسمبر کو احتساب عدالت اسلام آباد نے 190 ملین پاؤنڈز کا القادر ٹرسٹ ریفرنس سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض، وزیر اعظم کے سابق معاونین خصوصی مرزا شہزاد اکبر اور زلفی بخاری اور دیگر تین افراد کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔

7 دسمبر 2023 کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں ملزمان ملک ریاض حسین، ان کے بیٹے احمد علی ریاض، مرزا شہزاد اکبر، ذولفی بخاری، فرحت شہزادی اور ضیا المصطفی نسیم کو عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کر دیا تھا۔

8 دسمبر کو ملزمان ملک ریاض حسین، ان کے بیٹے احمد علی ریاض، مرزا شہزاد اکبر، زلفی بخاری، فرحت شہزادی اور ضیا المصطفیٰ نسیم کو عدالت میں پیش نہ ہونے کی وجہ سے اشتہاری قرار دیے جانے کے بعد ان کے اشتہار جاری کردیے تھے۔

6 جنوری کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کے القادر ٹرسٹ ریفرنس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض سمیت ریفرنس کے 6 شریک ملزمان کو اشتہاری اور مفرور مجرم قرار دے دیا تھا۔

8 جنوری کو عدالت نے 190ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اشتہاری 6 ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے تھے، اور نیب نے 6 اشتہاری ملزمان کے اثاثوں کی تفصیلات عدالت میں جمع کرادی تھیں، عدالت نے ملزمان کے ملکیتی اثاثے منجمند کرنے کا بھی حکم دے دیا تھا۔

20 جنوری کو القادر ٹرسٹ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت کے حکم نامے کے تحت ملک ریاض اور ان کے صاحبزادے کی تمام جائیدادیں، گاڑیاں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دئیے گئے تھے۔

حکمنامے میں درج تمام جائیدادیں، گاڑیاں اور بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے گئے تھے، ملک ریاض کی منجمد گاڑیوں میں لینڈ کروزر، بی ایم ڈبلیو شامل ہیں۔

پس منظر

واضح رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے حکومتِ پاکستان کو بھیجے گئے 50 ارب روپے کو قانونی حیثیت دینے کے عوض بحریہ ٹاؤن لمیٹڈ سے اربوں روپے اور سینکڑوں کنال مالیت کی اراضی حاصل کی۔

یہ کیس القادر یونیورسٹی کے لیے زمین کے مبینہ طور پر غیر قانونی حصول اور تعمیر سے متعلق ہے جس میں ملک ریاض اور ان کی فیملی کے خلاف منی لانڈرنگ کے کیس میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ذریعے 140 ملین پاؤنڈ کی وصولی میں غیر قانونی فائدہ حاصل کیا گیا۔

عمران خان پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے اس حوالے سے طے پانے والے معاہدے سے متعلق حقائق چھپا کر کابینہ کو گمراہ کیا، رقم (140 ملین پاؤنڈ) تصفیہ کے معاہدے کے تحت موصول ہوئی تھی اور اسے قومی خزانے میں جمع کیا جانا تھا لیکن اسے بحریہ ٹاؤن کراچی کے 450 ارب روپے کے واجبات کی وصولی میں ایڈجسٹ کیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024