وزیر نجکاری اور وفاقی وزیر پاور میں ڈسکوز کی نجکاری کے امور طے پاگئے
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط اور وزیر اعظم کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے وزیر نجکاری اور وفاقی وزیر پاور میں ڈسکوز کی نجکاری کے امور طے پاگئے۔
وزارت نجکاری سے جاری اعلامیہ کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری سے متعلق امور طے ہوگئے اور وفاقی وزرا عبدالعلیم خان اور اویس احمد لغاری کے درمیان ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
ملاقات میں ڈسکوز اور آئی پی پیز کے مختلف منصوبوں کی نجکاری کے حوالے سے جائزہ لیا گیا اور نجکاری کے لائحہ عمل اور نجکاری کی کارروائی کو تیز کرنے اور توانائی کے منصوبوں کو نجی شعبے کے حوالے کرنے کے لیے کام کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزرا نے متعلقہ محکموں کو نجکاری کے عمل کو جلد از جلد حتمی شکل دینےکی ہدایات دی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ڈسکوز اور آئی پی پیز کے منصوبوں کی نجکاری کے لیے جلد اجلاس بلایا جائے گا۔