• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی وکلا سے جیل میں ملاقات کی درخواست نمٹا دی

شائع March 29, 2024
— فائل فوٹو: اے پی
— فائل فوٹو: اے پی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی وکلا سے جیل میں ملاقات کروانے کی درخواست نمٹا دی۔

ڈان نیوز کے مطابق جسٹس سردار اعجاز اسحٰق خان نے درخواستوں پر سماعت کی، عدالتی معاون زینب جنجوعہ ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئیں جبکہ شیر افضل مروت عدالت میں پیش نہیں ہوئے ،بلکہ ان کی جگہ معاون وکیل پیش ہوئے ۔

دوران سماعت وکیل شیر افضل مروت نے جیل رولز کی شِق 265 کو چیلنج کرنے کی استدعا کی۔

اس پر ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے مشاورت سے ایس او پیز تیار کرلی ہیں، آپ کو ہمارے رسپانس کو تعریف کرنی چاہیے۔

اس پر جسٹس سردار اعجاز اسحق نے ریمارکس دیے کہ آپ یہ کام پہلے بھی کر سکتے تھے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ہم نے دو دن میں ایس او پیز فائنل کرلیے ہیں ، جیل رولز کے حوالے سے پنجاب حکومت میں شق 265 کی مختلف تعریف ہے۔

اس پر ایڈوکیٹ زینب جنجوعہ نے کہا کہ ویب سائٹ پر جیل میں ہفتے میں دو بار ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، جیل رولز کی کتاب میں دو بار ملاقات کی اجازت ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ جیل رولز کے حوالے سے دو تین کتابیں ہیں جن کے مصنف مختلف ہیں، پنجاب حکومت سے بات کرکے ایک متفقہ رولز کو فائنل کروا دیتے۔

عدالتی معاون زینب جنجوعہ نے جیل رولز کے حوالے سے مختلف بھارتی عدالتوں کی ججمنٹس عدالت میں پیش کیں، انہوں نے کہا کہ بھارتی ججمنٹس میں جیل میں سیاسی گفتگو کی اجازت دی گئی ہے۔

زینب جنجوعہ کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ پر اعلی درجے کے قیدیوں کے لیے جو ایس او پیز دی گئی ہیں ان کے مطابق ہفتے میں ایک بار ملاقات کا بتایا گیا یے، جبکہ آن لائن رولز میں لکھا ہوا ہے کہ کوئی بھی سیاسی گفتگو نہیں کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویب سائٹ رولز کے مطابق 6 افراد کی ملاقات ہوسکتی ہے، جیل رولز کتاب کے مطابق ہفتے میں دو ملاقاتیں کی جاسکتی ہیں۔

اس پر جسٹس سردار اعجاز اسحق خان نے ریمارکس دیے کہ سمجھ نہیں آرہی کہ آن لائن میٹنگ کی مخالفت کیوں کی جارہی ہے؟ رولز میں ایک لائن لکھی ہوئی ہے آپ اس کے پیچھے لگے ہوئے کہ ہم نے یہ نہیں کرنا، ایک گھنٹے میں اس لائن کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔

دوران سماعت ، سپرنٹنڈینٹ اڈیالہ جیل اسد وڑائچ نے 26 اور 28 مارچ کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی رپورٹ بھی عدالت جمع کروا دی۔

اس پر عدالت کا کہنا تھا کہ پٹیشنز مطمئن ہیں، بانی پی ٹی سے ملاقات کرانے کی درخواست نمٹا دیتے ہیں۔

بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقات کی درخواست نمٹاتے ہوئے شیر افضل مروت کی جیل رولز کی شِق 265 کو چیلنج کرنے کی درخواست پر سماعت 5 اپریل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اسلام آباد کے قیدیوں کو کس ارینجمنٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے؟ چیف کمشنر اسلام آباد دوبارہ رپورٹ جمع کروائیں۔

اس سے گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی وکلا سے جیل میں ملاقات کروانے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جسٹس سردار اعجاز اسحٰق نے ریمارکس دیے کہ ہم سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آن لائن ملاقاتیں ایک جیل میں قانونی مگر دوسری میں غیر قانونی کیسے؟

اس سے گزشتہ سماعت پر بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے طے شدہ ملاقات نہیں کروانے پر عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے جواب طلب کرلیا تھا۔

پس منظر

26 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو اپنے وکلا سے تنہائی میں ملاقات کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

بعد ازاں 4 مارچ کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے وکلا کی ملاقات نہ کرانے پر جیل انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر فریقین سے ایک ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔

12 مارچ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی ۔

یاد رہے کہ 13 مارچ کو مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات نہیں کروانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی تھی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی جسٹس سمن رفعت امتیاز نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو 15 مارچ کے لیے نوٹس بھی جاری کردیا تھا۔

اس موقع پر درخواست گزار علامہ ناصر عباس کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 8 مارچ 2024 کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کے احکامات جاری کیے تھے مگر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے جان بوجھ کر حکم عدولی کرتے ہوئے ملاقات نہیں کروائی لہذا سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔

22 مارچ کو عدالتی احکامات کے باوجود بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024