• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

اسرائیل کی الاقصیٰ ہسپتال پر بمباری ، 24 گھنٹوں میں 77 فلسطینی شہید

شائع April 1, 2024
فائل فوٹو: رائٹرز
فائل فوٹو: رائٹرز

اسرائیل نے ایک بار پھر غزہ کے الاقصیٰ ہسپتال پر حملے شروع کردیے، رات گئے مختلف حملوں میں 77 فلسطینی شہید ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ پیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جنگ بندی کی قرار منظور ہونے کے باوجود اسرائیل کے حملے جاری ہیں، غزہ میں انسانی بحران مزید بڑھ گیا۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق غزہ کے علاقے دیر البلاح میں الاقصیٰ ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 4 افراد شہید اور 17 زخمی ہو گئے ہیں۔

الاقصیٰ ہسپتال کے ترجمان خالد الدکران نے کہا کہ حملے میں زخمی ہونے والوں میں کئی صحافی بھی شامل ہیں۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے میں فلسطینی اسلامی جہاد گروپ کے زیر انتظام کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا۔

غزہ میں سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ فضائی حملے میں خیمے کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے اور صحافی کام کر رہے تھے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس نے مریضوں، صحت کے عملے اور انسانی ہمدردی کے مشن کے تحفظ کا مطالبہ کیا اور جنگ بندی پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اکتوبر سے لے کر اب تک 130 سے ​​زائد فلسطینی صحافی شہید ہوچکے ہیں۔

اسرائیلی فوج غزہ میں دیگر طبی سہولیات کے علاوہ الاقصیٰ ہسپتال اور اس کے اطراف میں حملے کر رہی ہے۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کےدوران اسرائیلی بمباری اور زمینی حملوں میں کم از کم 77 افراد شہید ہو گئے، جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں، جس سے شہید فلسطینیوں ی تعداد 32 ہزار 782 ہو گئی۔

نیتن یاہو کی سرجری

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے اعلان کیا کہ نیتن یاہو کی ’ہرنیا‘ کی سرجری ہوگئی ہے، جس کے بعد وہ اب بہتر محسوس کررہے ہیں۔

اسرائیلی وزیراعظم کی سرجری 31 مارچ کی شام کو ہوئی تھی، وزیراعظم دفتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 30 مارچ کو معمول کے چیک اپ کے دوران ان میں ہرنیا کا پتہ چلا جس کے بعد ان کی سرجری کا فیصلہ کیا گیا۔

سرجری کے بعد بیان جاری کیا گیا کہ نیتن یاہو کی سرجری کامیاب رہی جس کے بعد وہ مکمل طور پر ہوش میں ہیں۔

نئی فلسطینی کابینہ نے حلف اٹھالیا

نئی فلسطینی حکومت، جس میں غزہ سے 4 خواتین اور 6 وزراء شامل ہیں، نے 31 مارچ کو حلف اٹھایا، لیکن اسے پہلے ہی اپنے ہی لوگوں کی طرف سے شکوک و شبہات کا سامنا تھا۔

نومنتخب وزیر اعظم محمد مصطفیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت کی ’پہلی ترجیح‘ جنگ کو ختم کرنا ہے۔

مصطفیٰ نے کہا کہ فلسطینی علاقوں کی تعمیر نو ان کا بنیادی مقصد تھا، جس میں اسرائیلی بمباری میں تقریباً 6 ماہ کی لڑائی کے بعد غزہ تباہ ہو چکا ہے۔

ان کی نئی کابینہ 23 وزراء پر مشتمل ہے اور اس میں غزہ سے 4 خواتین اور 6 وزراء شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024