• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

بلوچستان: کوہلو میں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال، پی بی 9 کے 4 اسٹیشنز پر پولنگ شروع نہ ہوسکی

شائع April 24, 2024
— فوٹو: عبداللہ زہری
— فوٹو: عبداللہ زہری

بلوچستان کے علاقے ضلع کوہلو میں سیکیورٹی کی مخدوش صورتحال کے باعث صوبائی اسمبلی کے حلقے پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل شروع نہ ہوسکا۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اور ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ امن وامان کی مخدوش صورتحال اور راستہ غیر محفوظ ہونے کے باعث عملے کو پولنگ اسٹیشنز میں پہنچنے میں دشواری پیش آرہی ہے آج علی الصبح سڑک پر بارودی سرنگ دھماکے اور مختلف مقامات پر بارودی سرنگ بچھانے کے باعث عملے کو پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علاقے میں کشیدگی کے باعث امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے، مجموعی طور پر پولنگ اسٹیشنز اور انتخابی عملے پر 6 راکٹ داغے گئے، جبکہ سڑک پر بارودی سرنگ دھماکا ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعت کے امیدوار کے پولنگ ایجنٹ بھی موجود تھا گاڑی بم پروف ہونے کے باعث عملہ محفوظ رہا 2 افراد معمولی زخمی ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تین راکٹ کے گولے پولنگ اسٹیشنز کے احاطے میں گر کر پھٹ گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ایف سی اور لیویز کی بی ڈی ٹیم راستہ کلیئر کر رہے ہیں اور انتخابی عملہ اور پولنگ ایجنٹس سیکیورٹی فورسز کے حفاظت میں پولنگ اسٹیشنز کے مقام کی جانب گامزن ہیں، 3 گھنٹے گزرنے کے باوجود پولنگ کا عمل شروع نہیں ہوسکا۔

ڈی آر او و ڈپٹی کمشنر کوہلو نقیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ مخدوش حالات کے حوالے سے صوبائی حکومت کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا گزشتہ روز فائرنگ اور دھماکوں سے سیاسی جماعت کا سپورٹر جاں بحق ہوا تھا، ایک لیویز سپاہی زخمی ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آج سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اس حوالے ایف سی اور لیویز کی بھاری نفری تعینات ہے اور اپنی جان کی بازی لگا کر ری پولنگ کروا رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 16 فروری کو پی بی 9 کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے چنگیز خان کامیاب ہوئےتھے۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی کے رہنما میر نصیب اللہ نے 7 میں سے 4 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کردیا تھا۔

اس کے بعد الیکشن کمیشن نے چنگیز خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے 24 اپریل کو پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کروانے کا حکم دیا تھا جسے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

22 اپریل کو سپریم کورٹ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 9 کے 4 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن کرانے کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے نواب چنگیز خان کی اپیل مسترد کر دی تھی اور الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق 24 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024