کراچی: ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کب، کہاں لگے گی؟ تاریخ، جگہ سامنے آگئی
کراچی میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے سلسلے میں قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگائے جانے کے لیے تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق مویشی منڈی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایاگیا ہے کہ کراچی میں قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی 10 مئی سے لگے گی۔
مویشی منڈی کی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ مویشی منڈی تیسرٹاؤن ناردرن بائی پاس پر ایک ہزار ایکڑ رقبے پر لگائی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق منڈی میں مالیاتی خدمات اور شہریوں کی سہولت کے لیے بڑے بینکوں کے اے ٹی ایمز اورعارضی برانچیں بھی قائم کی جائیں گی۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ مویشی منڈی میں ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کی سہولت کے ساتھ ایمبولینس بھی موجود رہے گی۔
واضح رہے کہ ایشیا کی سب سے بڑی عارضی مویشی منڈی ہر سال کراچی میں لگتی ہے جہاں لاکھوں گائیں اور بکرے لائے جاتے ہیں، یہ خوبصورت اور صحت مند مویشی زیادہ تر زیریں پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع سے فروخت کے لیے کراچی لائے جاتے ہیں۔