• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

حماس کا وفد غزہ جنگ بندی مذاکرات کے لیے آج قاہرہ روانہ ہوگا

شائع April 29, 2024
—فوٹو: اے ایف پی
—فوٹو: اے ایف پی

حماس کا وفد غزہ میں جنگ بندی مزاکرات کے لیے آج قاہرہ کا دورہ کرے گا، دوسری جانب اسرائیل نے رفح پر اسرائیلی حملے تیز کرنے شروع کردیے، رات گئے جاری فضائی حملوں میں 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق حماس کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وفد حماس کی طرف سے قطر اور مصر کے ثالثوں کو دی گئی جنگ بندی کی تجویز پر بات کرے گا اور اس پر اسرائیل کے ردعمل پر بھی بات کرے گا۔

انہوں نے جنگ بندی سے متعلق تازہ ترین تجاویز کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

جمعہ کو حماس کے سینئر عہدیدار خلیل الحیا نے کہا تھا کہ حماس کو جنگ بندی کی تجویز پر اسرائیل کا جواب موصول ہوا ہے اور وہ مصری اور قطری ثالثوں کو اپنا جواب دینے سے پہلے اس کا جائزہ کررہا ہے۔

مذاکرات کے پہلے دور میں دونوں فریقوں کے موقف میں پائے جانے والے اختلافات ختم نہیں ہوئے تھے، حماس تنازع کے دیرپا خاتمے اور اسرائیل کے لیے غزہ کی پٹی سے اپنی افواج کے انخلا کے لیے معاہدے کا خواہاں ہے۔

اسرائیل نے تقریباً 130 یرغمالیوں کی رہائی کے لیے عارضی جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے، تاہم اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک غزہ میں اپنی جنگی کارروائیاں نہیں روکے گا جب تک کہ وہ فلسطینی گروپ حماس کو ختم کرنے کا اپنا ہدف پورا نہیں کر لیتا۔

اسرائیل کے وزیر خارجہ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ رفح پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ، جہاں 10 لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینی پناہ گزین ہیں، اگر اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اسے روکا جا سکتا ہے۔

اس معاملے کی وجہ سے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے اتحاد میں دراڑیں پیدا کر دی ہیں، حوثی وزراء رفح میں دراندازی پر زور دے رہے ہیں، جب کہ مرکزی شراکت داروں کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

اتوار کو سخت گیر قوم پرست وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ رفح پر حملے سے پیچھے نہ ہٹیں، انہوں نے زور دے کر کہا کہ جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق ایک ذلت آمیز شکست ہوگی۔

امریکی صدر کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطہ

دوسری جانب امریکی صدر جوبائیڈن کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے یرغمالیوں کی جلد رہائی کی کوششوں پر بات چیت کی۔

امریکی صدر نے حماس پر زور دیا کہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے بلا تاخیر تمام یرغمالیوں کو رہا کرے اور امریکا نے ایک بار پھر اسرائیلی سلامتی کے بھر پور دفاع کے عزم کا اعادہ کیا۔

رات گئے 22 فلسطینی شہید

اسرائیلی فوج نے رات گئے مختلف علاقوں پر بمباری کرکے مزید بائیس فلسطینی شہید کردیے۔

عالمی عدالت انصاف سے اسرائیلی وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری جلد جاری ہونے کا امکان ہے۔

صیہونی طیاروں نے رات بھر رفح سمیت مختلف علاقوں پر فضائی حملے کرتے رہے، 24 گھنٹے میں 66 فلسطینی اسرائیلی حملوں کی زد میں آکر جان گنوا بیٹھے۔

اسرائیلی فوج کے سربراہ نے جنگ جاری رکھنے کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حکومت کو اعلیٰ قانونی عہدیداروں کی طرف سے اسرائیلی وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر دفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے اشارے ملے ہیں۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق وارنٹ گرفتاری کی اطلاعات پر نیتن یاہو خوفزدہ اور غیر معمولی دباؤ کا شکار ہیں۔

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی قیادت کے وارنٹ جاری ہونے سے اسرائیلی فوجیوں کو نقصان پہنچے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024