• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

مقررہ ہدف بڑھا کر کسان سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے، رانا تنویر حسین

شائع May 11, 2024
رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاسکو گندم کی خریداری کررہی ہے،  ہدف پورا کرنے کے لیے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے—فوٹو:ڈان نیوز
رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاسکو گندم کی خریداری کررہی ہے، ہدف پورا کرنے کے لیے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے—فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر صنعت و پیداوار اور غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک میں اشیائے خور و نوش کا اسٹریٹیجک ذخیرہ برقرار رکھنے کی ذمہ دار ایجنسی ’پاسکو‘ گندم کی خریداری کر رہی ہے، ہدف پورا ہونے کے بعد باقی بچنے والی گندم کا ایک ایک دانہ کسان سے خریدیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باردانہ کی فراہمی کے لیے آن لائن رجسٹریشن بھی شروع کردی، خریداری اور باردانہ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ڈی اے پی اور یوریا مہنگی ملی، کسانوں کو مقررہ نرخ پر کھاد کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک ایکر والے کو 8 بوری گندم باردانہ دیا جارہا ہے، خریداری اور باردانہ کی فراہمی شفاف بنائی جارہی ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاسکو گندم کی خریداری کررہی ہے، مقررہ ہدف 4 لاکھ میٹریک ٹن پورا کریں گے جو تقرییا 40 لاکھ بوری بنتا ہے، ہدف پورا ہونے کے بعد بھی کسان کے پاس گندم بچی تو ہدف ہڑھا دیا جائے گا، کسان سے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتیں گندم کی خریداری نہیں کر رہیں، وزیراعظم نے گندم خریداری کا میکنیزم بنانے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بالخصوص پنجاب میں ان دنوں حکومت کی جانب سے کسانوں سے گندم نہ خریدے جانے کے باعث کسان سراپا احتجاج ہیں۔

29 اپریل کو گندم خریداری کے حوالے سے مسائل کے خلاف کسانوں کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے باہر احتجاج کے اعلان کے بعد کسان بورڈ کے صدر رشید منہالہ سمیت 30 سے زائد کسانوں کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

کسانوں کے احتجاج اور اپنے دعوے کے کئی روز بعد حکومت پنجاب گندم کی خریداری پر واضح پالیسی نہیں دے سکی تھی۔

حکومتی اراکین کی جانب سے گندم کے اس بحران کا ذمہ دار نگران حکومت کی جانب سے ضرورت سے زیادہ گندم درآمد کرنے کو قرار دیا جارہا تھا۔

2 مئی کو گندم کے بحران پر سیکریٹری قومی غذائی تحفظ اور تحقیق محمد آصف کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے گندم بحران پر نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی محمد آصف کو عہدے سے ہٹایا تھا، اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024