• KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:26pm
  • LHR: Asr 5:02pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm
  • KHI: Asr 5:19pm Maghrib 7:26pm
  • LHR: Asr 5:02pm Maghrib 7:11pm
  • ISB: Asr 5:12pm Maghrib 7:22pm

ٹی 20 ورلڈکپ شروع ہونے سے پہلے بھارت کی من مانی، سیمی فائنل کا مقام تبدیل

شائع May 16, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں یکم جون سے شروع ہونے والے آئندہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے دوسرے سیمی فائنل کا مقام تبدیل کرنے کے لیے بھارت کی درخواست منظور کرلی۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق بھارت گروپ اے میں روایتی حریف پاکستان، امریکا، کینیڈا اور آئرلینڈ کے ساتھ ہے اور اگر بھارتی ٹیم ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچ جاتی ہے، تو وہ صوبے گیانا میں دوسرا سیمی فائنل کھیلے گی۔

بھارت کے لیے دوسرے سیمی فائنل کا مقام تبدیل کرنے کی وجہ میچ کے اوقات ہیں، بھارتی ٹائم زون کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے میچ کا وقت بھی تبدیل کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ لائیو میچ دیکھ سکیں۔

پہلا سیمی فائنل ٹرینیڈاڈ 27 جون کو کھیلا جانا ہے جو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجکر 30 منٹ پر شروع ہونا ہے، اُس وقت بھارت میں صبح 6 بج رہے ہوں گے، یہ وقت بھارت شائقین کے لیے موزوں نہیں تھا۔

دوسری جانب دوسرا سیمی فائنل میچ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 اور بھارتی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہو گا اور یہ وقت بھارتی شائقین کے لیے زیادہ سازگار ہے۔

ورلڈ کپ کا فائنل 29 جون کو مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہو گا جہاں بھارتی وقت کے مطابق اُس وقت شام کے ساڑھے 7 بج رہے ہوں گے۔

رپورٹ میں اس بات کی بھی تصدیق کی گئی ہے کہ دوسرے سیمی فائنل کا کوئی ریزرو ڈے نہیں ہوگا لیکن اگر کسی وجہ سے تاخیر ہوئی تو میچ کے لیے 250 منٹ کا اضافی وقت دیا جائے گا، تاہم پہلے سیمی فائنل اور فائنل میں ریزرو دن ہوں گے۔

ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے گروپس

گروپ اے: بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، امریکا۔

گروپ بی: انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، سکاٹ لینڈ، عمان۔

گروپ سی: نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگنڈا، پاپوا نیوگنی۔

گروپ ڈی: جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز، نیپال۔

کارٹون

کارٹون : 2 جولائی 2024
کارٹون : 1 جولائی 2024