• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، بشکیک سے اسلام آباد آنے والی فلائٹ منسوخ

شائع May 22, 2024
— فائل فوٹو: 24 ڈاٹ کے جی
— فائل فوٹو: 24 ڈاٹ کے جی

کرغزستان میں پھنسے طلبہ کی مشکلات کم نہ ہوسکیں، ہاسٹلز سے نکلنے کے بعد ایئر پورٹ پر پھنس گئے، بشکیک سے اسلام آباد آنے والی فلائٹ 6575 منسوخ کردی گئی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق طلبہ نے بتایا کہ مناس ایئر پورٹ پر پھنس چکے ہیں نہ پاکستان آسکتے ہیں نہ واپس جاسکتے ہیں، مناس سے فلائیٹ نے 125 طلبہ کو لے کر آج 11 بجے اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کرنا تھا۔

طلبہ نے بتایا کہ لیکن تاحال فلائٹ ٹیک آف نہیں کرسکی، آج پاکستان کے لیے پی آئی اے کے ایک پرواز کے علاوہ کسی پرواز کو اجازت نہیں مل سکی۔

طلبہ نے پاکستانی حکومت، وزیراعظم اور وزیر ہوابازی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا، طلبہ کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام ہمارے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے بتایا کہ خصوصی فلائٹس کی آمد ورفت وزرات خارجہ کی ہدایات سے مشروط ہے، وزارت خارجہ اور ہوابازی کی ہدایات کی بعد ریگولیٹری تقاضے مکمل ہونے پر فلائٹس آپریٹ ہوتیں ہیں۔

واضح رہے کہ آج نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحٰق ڈار نے کرغزستان میں طلبہ پر ہونے والے حملے کے معاملے میں انکوائری کمیٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ہوگی جس کا نوٹی فکیشن آج ہی جاری کردیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ 18 مئی کے حملے کے بعد اب تک 3 ہزار سے زائد طلبہ کرغزستان سے پاکستان واپس آچکے ہیں اور آج رات تک یہ تعداد 4 ہزار تک پہنچنے کی توقع ہے۔

اسحٰق ڈار نے کہا تھا کہ ہمیں بتایا گیا تھا کہ 3 پاکستانی طلبہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور باقیوں کو پہلے ہی ڈسچارج کردیا گیا، جب میں نے ہسپتال کا دورہ کیا تو وہاں صرف ایک پاکستانی شہری موجود تھا، ہسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ 3 زخمیوں میں سے مزید 2 کو ڈسچارج کردیا گیا ہے اور وہاں موجود شاہ زیب کا جبڑا ٹوٹا ہوا تھا جو وہاں ایک ٹیکسٹائل مل میں کام کرتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024