علی امین گنڈاپور کی وزیر داخلہ و توانائی سے ملاقات، خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر توانائی اویس لغاری سے ملاقات کی جس دوران خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور وزارت داخلہ پہنچے اور وفاقی وزرا سے ملاقات کی، ملاقات میں لوڈشیڈنگ، بجلی سے متعلق معاملات و دیگر مسائل کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی، وفاقی وزرا اور وزیر اعلٰی خیبرپختونخوا نے معاملات کو مل بیٹھ کر حل کرنے پر اتفاق کیا۔
اس کے علاوہ ملاقات میں پیر (کل) کو دوبارہ ملاقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کے 10ویں اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ تھا صوبے کی نمائندگی کے لیے اجلاس میں شرکت کی اور مطالبہ کیا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں ٹیکس اس بجٹ میں نہیں لگایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم صوبے کے عوام کے ریلیف کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔