• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے پر 7 ہزار سے زائد افراد کی سمز بحال کردی گئیں

شائع May 30, 2024
— فائل فوٹو: ایف بی آر/ ٹوئٹر
— فائل فوٹو: ایف بی آر/ ٹوئٹر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے دعویٰ کیا ہے کہ 7 ہزار167 افراد نے اپنی موبائل سمز بلاک ہونے کے بعد مالی سال 2023 کے لیے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرائے ہیں جس کے بعد ان کی سمز بحال کردی گئی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر نے 14 مئی سے تین بڑی ٹیلی کام کمپنیوں (ٹیلی نار، یوفون اور جاز) کو تقریباً 60 ہزار نان فائلرز کے شناختی کارڈ نمبر بھیجے تھے تاکہ ان افراد کی سم کارڈز کو بند کیا جائے، تاہم ایف بی آر نے ان 60 ہزار نان فائلرز کے نمبرز سے متعلق معلومات شیئر نہیں کیں۔

ایف بی آر کے ترجمان بختیار خان نے تصدیق کی کہ محکمہ ٹیکس کو سال 2023 کے لیے مزید 7 ہزار 167 انکم ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے، جب کہ ایف بی آر نے ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ 5 ہزار کے 12 بیچز میں شناختی کارڈ کا ڈیٹا شیئر کیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بیچ کے ساتھ صرف 508 ٹیکس ریٹرنز فائل ہوئے جو 28 مئی کو بھیجے جانے والے آخری بیچ میں بڑھ کر 1514 ہوگئیں، نان فائلرز کے ٹیکس گوشوارے جمع ہونے کی تصدیق کے بعد ان کی سمز فوری بحال کردی گئیں۔

ٹیلی کام آپریٹرز نے 10 اپریل کو ایف بی آر کے ساتھ چھوٹے بیچوں میں موبائل سمز فوری بلاک کرنے پر اتفاق کیا تھا، 5 ہزار نان فائلرز پر مشتمل پہلا بیچ 14 مئی کو ٹیلی کام آپریٹریز کو بھیجا گیا تھا، جس کے بعد مجموعی طور پر 12 بیچز ان کمپنیوں کے ساتھ شیئر کیے گئے۔

بعد ازاں، تینوں ٹیلی کام کمپنیوں نے سمز بلاک کرنے کا عمل شروع کردیا تھا، جب کہ چوتھی کمپنی (زونگ) نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں انکم ٹیکس جنرل آرڈر نمبر ایک کے خلاف اس پر عمل درآمد روکنے کی درخواست دائر کی تھی۔

عدالت نے وفاقی حکومت کو درخواست گزار کے خلاف زبردستی کارروائی کرنے سے روک دیا تھا، تاہم عدالت نے نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے سے روکنے کے لیے کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا، اس کیس کی سماعت 5 جون کو دوبارہ ہوگی۔

ایف بی آر نے تین اہم ٹیلی کام آپریٹرز کے ساتھ ایک 18 رکنی مشترکہ ورکنگ گروپ (جے ڈبلیو جی) بھی تشکیل دیا ہے تاکہ نان فائلرز کی سم کو فوری بلاک کرنے کا سلسلہ جاری رہے۔ ورکنگ گروپ میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، یوفون، ٹیلی نار پاکستان اور جاز کے نمائندے شامل ہیں، تاہم اس گروپ میں زونگ کی نمائندگی نہیں ہے۔

30 اپریل کو، ایف بی آر نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 افراد کی ایک فہرست جاری کی جو 2023 کے لیے اپنے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں ناکام رہے تھے۔

ایف بی آر نے 24 لاکھ ممکنہ ٹیکس دہندگان کی نشاندہی کی جو ٹیکس رولز میں موجود نہیں تھے، بعد ازاں، ان افراد کو نوٹس جاری کیے گئے۔

ایف بی آر نے ان 24 لاکھ افراد میں سے 5 لاکھ سے زائد افراد کو سم بلاک کرنے کے لیے منتخب کیا، جنہوں نے گزشتہ 3 سالوں کے دوران ٹیکس آمدن ظاہر کی لیکن 2023 میں ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے۔

ایکٹو ٹیکس دہندگان کی فہرست کے مطابق، ایف بی آر کو یکم مارچ تک 42 لاکھ ٹیکس گوشوارے موصول ہوئے ہیں، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے دوران 38 لاکھ وصول کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024