• KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 12:00pm Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:24pm Asr 4:08pm
  • LHR: Zuhr 11:55am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 12:00pm Asr 3:22pm

ٹی20 ورلڈکپ: پاک بھارت میچ میں دہشتگردی کا خطرہ، نیویارک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

شائع May 30, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

ٹی 20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر نیویارک میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 9 جون کو نیویارک میں ہوگا جس پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں، تاہم حالیہ رپورٹس میں اس معرکے کو لیکر دہشت گردی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے (رائٹرز) کے مطابق نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں دہشتگرد حملوں کی دھمکیوں کے پیش نظر ٹی20 ورلڈکپ کے لیے سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

مائیکرو بلاکنگ ویب سائٹ (ایکس) پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ ٹی20 ورلڈکپ کے دوران سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کے لیے میری ٹیم وفاقی اور مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیو یارک اسٹیٹ پولیس کو سیکیورٹی اقدامات بڑھانے کے لیے کڑی نگرانی اور مکمل اسکریننگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

اے بی سی نیوز کے مطابق نیویارک میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے میچز کو انتہاپسندوں کی جانب سے پرتشدد کارروائیاں کرنے کیلئے ایک موقع کے طور پر لیا جائے گا۔

ناساو کاؤنٹی پولیس کمشنر پیٹرک رائڈر نے کہا کہ اپریل میں داعش خراسان گروپ (آئی ایس کے) کی جانب سے ٹی20 ورلڈکپ اور خاص طور پر پاکستان، بھارت میچ کے لیے دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت نے سیاسی تناؤ کے باعث کئی سالوں سے دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی جس کے باعث آئی سی سی ایونٹس کے دوران ان کے میچز پر پوری دنیا کی نظریں ہوتی ہیں۔

یکم سے 29 جون تک جاری رہنے والے ٹی20 ورلڈکپ کے نویں ایڈیشن کے میچز 9 مختلف اسٹیڈیمز میں کھیلے جائیں گے، جن میں 6 ویسٹ انڈیز اور 3 امریکا کے اسٹیڈیمز شامل ہیں۔

اس دوران نیویارک میں 3 جون سے 12 جون تک 8 میچز کھیلے جائیں گے جس میں 9 جون کو ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا بھی شامل ہے، جب کہ بھارتی ٹیم نیویارک میں 4 اور پاکستانی ٹیم 4 میچز کھیلے گی۔

ٹی20 ورلڈکپ گروپس

گروپ اے: بھارت، پاکستان، آئرلینڈ، کینیڈا، امریکا

گروپ بی: انگلینڈ، آسٹریلیا، نمیبیا، سکاٹ لینڈ، عمان

گروپ سی: نیوزی لینڈ، ویسٹ انڈیز، افغانستان، یوگنڈا، پاپوا نیو گنی

گروپ ڈی: جنوبی افریقہ، سری لنکا، بنگلہ دیش، نیدرلینڈز، نیپال

پاکستان ایونٹ کے گروپ اے میں بھارت، آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا کے ساتھ ہے۔

پاکستان کا ٹی20 ورلڈکپ شیڈول

6 جون: پاکستان بمقابلہ امریکا، ڈیلاس

9 جون: پاکستان بمقابلہ بھارت، نیویارک

11 جون: پاکستان بمقابلہ کینیڈا، نیویارک

16 جون: پاکستان بمقابلہ آئرلینڈ، لاڈر ہل

کارٹون

کارٹون : 9 دسمبر 2024
کارٹون : 8 دسمبر 2024